بجٹ متوازن، ترقی دوست، سرمایہ کاروں کے اعتماد کا، اسٹاک بروکرز
ٹیکس نظام میں منفی تبدیلی نہ کرکے سرمایہ کاروں کا اہم مطالبہ تسلیم کیا گیا،اعلامیہ
کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک بروکرز ایسوسی ایشن نے وفاقی بجٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے متوازن، ترقی دوست اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط بنانے والا قرار دیا، ایسوسی ایشن کاکہنا ہے کہ حکومت نے بجٹ میں اسٹاک مارکیٹ کیلئے ٹیکس نظام میں کوئی منفی تبدیلی نہ کرکے سرمایہ کار برادری کے اہم مطالبے کو تسلیم کیا ہے ، جس سے مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ایک مثبت پیغام ملا ہے ۔ اعلامیے کے مطابق بجٹ میں اسٹاک مارکیٹ پر کسی نئے ٹیکس کے نفاذ سے گریز کیا گیاجس سے افواہوں کا خاتمہ ہوا ، ایسوسی ایشن نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فیصلوں میں ٹیکس پالیسی کا تسلسل اور پیشگوئی کی صلاحیت اہم ہے۔
جبکہ حکومت کا موجودہ ٹیکس ڈھانچے کو برقرار رکھنے کا فیصلہ مارکیٹ کے استحکام اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنے گا، اعلامیے میں کہا گیا کہ بعض اقدامات سے مختلف لسٹڈ کمپنیوں اور کاروباری شعبوں کو فائدہ پہنچے گا، ٹیکسٹائل صنعت کیلئے مراعات، انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکٹر کیلئے فائنل ٹیکس رجیم میں مزید 3سال کی توسیع، فارماسیوٹیکل شعبے کیلئے مثبت اقدامات، تعمیرات اور توانائی کے شعبوں کو ریلیف، کارپوریٹ سیکٹر پر سپر ٹیکس کے بوجھ میں کمی ایسے عوامل ہیں جو کاروبار میں بہتری کا سبب بنیں گے۔