رواں سال آم کی برآمدات 30فیصد متاثرہونیکاخدشہ

رواں سال آم کی برآمدات 30فیصد متاثرہونیکاخدشہ

مشرقِ وسطی بحران سے فریٹ چارجز7ہزارڈالر تک پہنچ گئے ،وحید احمد

لاہور(این این آئی)مشرق وسطیٰ بحران کے باعث رواں سال آم کی برآمدات متاثر ہونے کا خدشہ ہے جس کا تخمینہ30 فیصد لگایا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان آم کی دو درجن سے زیادہ اقسام پیدا کرتا ہے جن سے عام طور پر سالانہ تقریباً11 کروڑ ڈالر کی بین الاقوامی فروخت ہوتی ہے اور پاکستان دنیا کا چوتھا بڑا آم برآمد کرنے والا ملک ہے ۔آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایکسپورٹر ایسوسی ایشن کے چیف پیٹرن وحید احمد کے مطابق پاکستان کی تقریباً 80 فیصد آم کی ایکسپورٹ خلیجی خطے ، ایران اور افغانستان کیلئے ہے جبکہ حالیہ مہینوں میں یہ تمام علاقے تنازعات سے متاثر رہے ہیں۔

گزشتہ سیزن کے مقابلے میں رواں سال آم کی ایکسپورٹ تقریباً 30 ہزار ٹن کم ہو کر 80 ہزار ٹن تک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سرحد بند ہے ، ایران میں جنگ ہے اور پورا مشرقِ وسطی جنگی صورتحال سے متاثر ہے ۔وحید احمد کے مطابق گزشتہ سال 25 ٹن آم کے ایک کنٹینر کی شپنگ لاگت تقریباً1400 ڈالر تھی جبکہ اس سال یہی فریٹ بڑھ کر 6000 سے 7000 ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں