اسٹیٹ بینک : مانیٹری پالیسی اجلاس کا شیڈول جاری
آئندہ مالی سال کے دوران 8مانیٹری پالیسی فیصلے جاری کیے جائیں گے پریزنٹیشن ایم پی اجلاس کے ایک روز بعد شائع کی جائے گی ،اعلامیہ
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کے اجراء کے طریقہ کار میں اہم تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے آئندہ مالی سال کے لیے مانیٹری پالیسی اجلاسوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے ۔ مرکزی بینک کے مطابق اب سال میں چار مانیٹری پالیسی فیصلے گورنر اسٹیٹ بینک کی پریس کانفرنس کے ذریعے جاری کیے جائیں گے جبکہ باقی چار فیصلوں کا اعلان پریس ریلیز کے ذریعے کیا جائے گا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق آئندہ مالی سال مجموعی طور پر 8 مانیٹری پالیسی فیصلے جاری کیے جائیں گے ۔نئی حکمت عملی کا مقصد مالیاتی پالیسی کے حوالے سے شفافیت میں اضافہ، مارکیٹ شرکاء کو بہتر رہنمائی فراہم کرنا اور پالیسی فیصلوں کے پس منظر کو زیادہ مؤثر انداز میں عوام اور سرمایہ کاروں تک پہنچانا ہے۔ شیڈول کے مطابق مالی سال کی پہلی مانیٹری پالیسی 27 جولائی کو جاری کی جائے گی جس کا اعلان گورنر اسٹیٹ بینک پریس کانفرنس کے ذریعے کریں گے ۔ اس کے بعد 26 اکتوبر، 25 جنوری اور 26 اپریل کو ہونے والے مانیٹری پالیسی فیصلے بھی پریس کانفرنس کے ذریعے جاری کیے جائیں گے۔
دوسری جانب 14 ستمبر، 14 دسمبر، 8 مارچ اور 17 جون کو ہونے والے مانیٹری پالیسی فیصلوں کا اعلان پریس ریلیز کے ذریعے کیا جائے گا۔مرکزی بینک نے ایک اور اہم اقدام کے تحت مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد تجزیہ کاروں کی بریفنگ کے لیے تیار کی جانے والی پریزنٹیشن بھی عوامی سطح پر دستیاب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اسٹیٹ بینک کے مطابق یہ پریزنٹیشن ہر مانیٹری پالیسی اجلاس کے ایک روز بعد مرکزی بینک کی سرکاری ویب سائٹ پر شائع کی جائے گی۔