کیمیون کو بی اے ایس ایف پاکستان کے 100 فیصد حصص کے حصول کی منظوری

 کیمیون کو بی اے ایس ایف پاکستان کے 100 فیصد حصص کے حصول کی منظوری

کراچی(بزنس رپورٹر)کمپی ٹیشن کمیشن آف پاکستان نے متحدہ عرب امارات کی کمپنی کیمیون کو بی اے ایس ایف پاکستان کے 100 فیصد حصص کے حصول کی منظوری دیدی۔

کمیشن کے مطابق یہ منظوری کمپٹیشن ایکٹ 2010کے تحت فیز ون مسابقتی جائزے کی تکمیل کے بعد دی گئی۔ اعلامیے کے مطابق بی اے ایس ایف پاکستان جرمنی کی عالمی کیمیکل کمپنی بی اے ایس ایف ایس ای کی ذیلی کمپنی ہے جو پاکستان میں مختلف صنعتی شعبوں کے لیے کیمیکل مصنوعات اور حل فراہم کرتی ہے ۔مجوزہ لین دین کے تحت متحدہ عرب امارات کی کمپنی بی اے ایس ایف پاکستان کے تمام جاری شدہ حصص حاصل کرے گی ۔کمیشن کے مطابق اس حصول کے لیے قبل از انضمام درخواست کمپٹیشن ایکٹ 2010 کی دفعہ 11 کے تحت جمع کرائی گئی تھی جسکے بعد سی سی پی نے مجوزہ لین دین کا تفصیلی مسابقتی جائزہ لیا۔جائزے کے دوران متعلقہ مارکیٹوں، کاروباری سرگرمیوں اور ممکنہ مسابقتی اثرات کا تجزیہ کیا گیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ لین دین سے مارکیٹ میں مقابلے کی فضا متاثر نہ ہو۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حصول کنندہ کمپنی اس وقت پاکستان میں کسی نمایاں کاروباری سرگرمی میں مصروف نہیں جس کے باعث اس لین دین سے متعلقہ مارکیٹ میں ارتکاز بڑھنے یا مسابقتی صورتحال پر کسی قابل ذکر منفی اثرات کا امکان نہیں پایا گیا۔ کمیشن نے یہ بھی قرار دیا کہ مجوزہ معاہدہ مارکیٹ کے ڈھانچے میں ایسی کوئی تبدیلی پیدا نہیں کرے گا جو صارفین یا دیگر کاروباری اداروں کے مفادات کے لیے نقصان دہ ہو۔سی سی پی نے مزید کہا کہ مسابقتی جائزے کی تکمیل کے بعد کمیشن اس نتیجے پر پہنچا کہ مجوزہ حصول کمپٹیشن ایکٹ 2010 کی دفعات سے مطابقت رکھتا ہے جسکے بعد لین دین کی باضابطہ منظوری دفعہ 31 کے تحت جاری کر دی گئی ۔ماہرین کے مطابق عالمی سطح کی کمپنیوں کے درمیان اس نوعیت کے لین دین پاکستان کے صنعتی اور کیمیکل شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے تسلسل اور بین الاقوامی کاروباری اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں۔اس پیشرفت سے ملک میں کیمیکل اور صنعتی مصنوعات کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی، انتظامی مہارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں