ٹریژری بلز کی نیلامی سے 1,242.8 ارب حاصل
سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی ، منافع کی شرح میں واضح کمی ریکارڈ
کراچی(بزنس رپورٹر)وفاقی حکومت نے ٹریژری بلز کی تازہ نیلامی میں مجموعی طور پر 1,242.8 ارب روپے اکٹھے کر لیے جو مقررہ ہدف 1,200 ارب روپے سے زائد ہے ۔نیلامی کے دوران سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی کے باعث تمام مدتوں پر منافع کی شرح میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی۔تفصیلات کے مطابق نیلامی میں کٹ آف ییلڈز میں 39بیسز پوائنٹس سے لے کر115 بیسز پوائنٹس تک کمی دیکھی گئی جو مالیاتی مارکیٹ میں بہتر لیکویڈٹی اور شرح سود کے رجحان میں نرمی کی عکاسی کرتی ہے۔
نیلامی میں سب سے زیادہ حصہ 12 ماہ کے ٹینور نے حاصل کیا جس میں حکومت نے 624.3 ارب روپے اکٹھے کئے ۔ منی مارکیٹ کے مطابق طویل مدتی سرمایہ کاری میں دلچسپی بڑھنے اور پالیسی ریٹ کے ممکنہ استحکام کے باعث12ماہ کے کاغذات میں طلب نمایاں رہی۔ماہرین کے مطابق ٹریژری بلز کی نیلامی میں ییلڈز میں کمی اس بات کا اشارہ ہے کہ سرمایہ کار مستقبل میں شرح سود میں کمی کی توقع رکھ رہے ہیں جبکہ حکومت کے لیے قلیل مدتی قرض لینے کی لاگت بھی بتدریج کم ہو رہی ہے۔