سیمنٹ کی مقامی فروخت میں 9.5فیصد کااضافہ ریکارڈ
مالی سال 2025-26میں برآمدی حجم کم ہو کر 90لاکھ 8ہزار ٹن رہا آئندہ مہینوں میں طلب بہتر رہنے کا امکان ،ترجمان سیمنٹ مینوفیکچررز
کراچی(بزنس رپورٹر)مالی سال 2025-26 کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت سالانہ 9.5 فیصد اضافے سے 4کروڑ 15لاکھ 7ہزار ٹن ریکارڈ کی گئی تاہم برآمدی شعبے میں 2.19فیصد کمی دیکھی گئی، برآمدی حجم گزشتہ مالی سال کے 92لاکھ 10ہزار ٹن کے مقابلے میں کم ہو کر 90لاکھ 8ہزار ٹن رہا۔آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت 5 کروڑ 5 لاکھ 15 ہزار ٹن رہی جو7.21 فیصد زیادہ ہے ۔جون 2026 میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 18.38 فیصد بڑھ کر 43لاکھ 31ہزار ٹن رہی۔ مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی فروخت 27لاکھ 93ہزار ٹن سے بڑھ کر 35 لاکھ 41ہزار ٹن ہوگئی جو 26.78فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے ۔ دوسری جانب جون 2026 میں سیمنٹ کی برآمدات 8.73 فیصد کم ہو کر 7 لاکھ 89 ہزار 840 ٹن رہیں۔ ترجمان ایسوسی ایشن نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ مہینوں میں سیمنٹ کی طلب بہتر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ فریقین کی جانب سے مشرق وسطی میں جغرافیائی و سیاسی کشیدگی کے پُرامن حل کے لیے مشترکہ کوششوں سے توانائی کی مسابقتی اور مستحکم فراہمی ممکن ہوگی جبکہ توانائی اور ایندھن کی بلند لاگت سے متعلق صنعت کے خدشات میں بھی کمی آئے گی۔