ٹڈاپ کا خواتین کاروباری شخصیات کی برآمدی استعداد بڑھانے کیلئے سیمینار

ٹڈاپ کا خواتین کاروباری شخصیات کی برآمدی استعداد بڑھانے کیلئے سیمینار

اسلام آباد (بزنس ڈیسک) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ)کے ویمن انٹرپرینیور ڈویژن نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ٹریڈ اینڈ ڈیولپمنٹ (پیٹاڈ)کے اشتراک سے اسلام آباد میں ’’خواتین کاروباری شخصیات کی برآمدی تیاری۔۔۔

: رجسٹریشن، برانڈنگ اور مارکیٹ تک رسائی‘‘کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا۔سیمینار کا مقصد خواتین کاروباری شخصیات کو برآمدی رجسٹریشن، ضابطہ جاتی تقاضوں، برانڈنگ، دانشورانہ املاک کے تحفظ اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے حوالے سے عملی معلومات فراہم کرنا تھا۔پیٹاڈ کی ڈائریکٹر حمیرا اسرار نے افتتاحی خطاب میں خواتین کی زیرِ قیادت کاروباری اداروں کے فروغ اور پاکستان کی برآمدی مسابقت بڑھانے کے لیے ادارہ جاتی تعاون اور استعداد سازی کی اہمیت پر زور دیا۔ٹڈاپ کے ویمن انٹرپرینیور ڈویژن کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر حرا ارشد نے خواتین کاروباری شخصیات کے لیے برآمدی مواقع میں اضافے کے لیے ٹی ڈی اے پی کے جاری اقدامات پر روشنی ڈالی۔تقریب میں اسلام آباد ویمن چیمبر کی صدر ثمینہ فضل نے بھی شرکت کی اور خواتین کی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے چیمبر کے عزم کا اعادہ کیا۔سیمینار کے دوران پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو)کے حافظ محمد احمد نے کاروباری رجسٹریشن، برآمدی دستاویزات اور ضابطہ جاتی تقاضوں پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے ڈاکٹر اویس حسن شیخ نے بین الاقوامی ٹریڈ مارک تحفظ اور برانڈ شناخت کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ ٹڈاپسیالکوٹ کے ڈائریکٹر علی تمکین بٹ نے بین الاقوامی خریداروں تک رسائی، ڈیجیٹل تجارتی پلیٹ فارمز کے استعمال اور نئی برآمدی منڈیوں کے مواقع پر عملی رہنمائی فراہم کی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں