آبادکا گوادر اسپیشل زون کو فوری فعال کرنے کا مطالبہ
گوادر کو تجارتی مرکز بنانے کیلئے چینی صنعتوں کو منتقل کیا جائے ،حسن بخشی
کراچی(بزنس رپورٹر)چیئرمین ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز حسن بخشی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گوادر میں قائم اسپیشل اکنامک زون کو فوری طور پر فعال کیا جائے ۔انہوں نے حکومت کو تجویز پیش کی کہ گوادر کو حقیقی معنوں میں علاقائی تجارت کا گیٹ وے بنانے کیلئے چینی صنعتوں کو مرحلہ وار گوادر منتقل کیا جائے تاکہ قازقستان، ازبکستان، کرغزستان اور دیگر وسطی ایشیائی ممالک تک پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہو۔یہ بات انہوں نے گوادر کی نجی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انکے ہمراہ آباد اکے سینئر وائس چیئرمین سید افضل حمید،سابق چیئرمین آباد جنید اشرف تالو، گوادر سب کمیٹی آباد کے کنوینر عفان قریشی بھی موجود تھے ۔چیئرمین آباد نے مزیدکہا کہ گوادر کو محض ایک بندرگاہ کے بجائے پاکستان کا جدید صنعتی، تجارتی اور برآمدی مرکز بنانے کیلئے فوری اور عملی اقدام کیے جائیں۔ایک سوال کے جواب میں حسن بخشی نے کہا کہ گوادر پاکستان کا مستقبل ہے اور اگر اسکی ترقی کو درست سمت میں آگے بڑھایا جائے تو یہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کی معاشی تقدیر بدل سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کی جغرافیائی اہمیت اور گہرے سمندر کی بندرگاہ اسے بین الاقوامی تجارت کے لیے انتہائی موزوں بناتی ہے ، تاہم اس صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے صنعتوں کی منتقلی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی اشد ضرورت ہے۔