کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری عالمی مالیاتی اداروں کے اعتماد کااظہار
انتہائی مشکل حالات میں حکومتی معاشی ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی، بزنس کونسل پیشرفت سے بیرونی سرمایہ کاری، مالی وسائل تک رسائی مزید آسان ہوگی، بیان
کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان بزنس کونسل نے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں حالیہ بہتری اور اس کے ساتھ مستحکم آؤٹ لک کو ملکی معیشت کیلئے مثبت پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتہائی مشکل معاشی حالات میں حکومتی اقتصادی ٹیم کی کارکردگی، ساکھ اور عالمی سطح پر اعتماد کا مضبوط اظہار ہے پاکستان بزنس کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملک کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی ادارے پاکستان کی معاشی پالیسیوں، مالیاتی نظم و ضبط اور اصلاحاتی اقدامات پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔کونسل کے مطابق اس پیشرفت سے نہ صرف عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا بلکہ پاکستان کے لیے بیرونی سرمایہ کاری اور مالی وسائل تک رسائی بھی مزید آسان ہو سکے گی۔پی بی سی نے حکومت کی جانب سے امریکہ کے اہم مالیاتی اداروں اور شراکت داروں کے ساتھ جاری مذاکرات کا بھی خیرمقدم کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک اور امریکی محکمہ خزانہ سمیت دیگر مالیاتی اداروں کے ساتھ مضبوط تعلقات پاکستان کیلئے طویل المدتی سرمایہ، تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔اسکے علاوہ ان روابط سے امریکی ملٹی نیشنل کمپنیوں کی پاکستان میں دوبارہ سرمایہ کاری میں اضافہ بھی ممکن ہوگا، جس سے معیشت کو نمایاں فائدہ پہنچے گا،بزنس کونسل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ حکومت کی اقتصادی ٹیم کی ان کوششوں کی حمایت جاری رکھے گی جن کا مقصد پالیسی اور ساختی اصلاحات کو تیز کرنا بھی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments