میزان بینک کو 48.88ارب روپے کاخالص منافع
کراچی(بزنس ڈیسک)میزان بینک نے 30 جون 2026 کو ختم ہونے والی ششماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کر دیا۔ اس مدت کے دوران بینک نے 48.88 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا ۔۔
جبکہ سالانہ بنیاد پر بینک کا ریٹرن آن ایکوٹی 34.7 فیصد رہا۔ اس بات کا اعلان میزان بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کے بعد کیا گیا جس کی صدارت بورڈ کے چیئرمین ریاض ایس اے اے ادریس نے کی۔ میزان بینک کی یہ مضبوط مالی کارکردگی حصص یافتگان کیلئے پائیدار ویلیو میں اضافے کے حوالے سے بینک کے مسلسل عزم کی عکاسی ہے ۔بینک کی بنیادی فی حصص آمدنی گزشتہ سال کی اسی مدت کے 25.72 روپے فی حصص کے مقابلے میں بڑھ کر 27.15 روپے فی حصص ریکارڈ کی گئی۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 2026 کی دوسری سہ ماہی کیلئے 80 فیصد (فی حصص 8 روپے )عبوری کیش ڈیوڈنڈ کی بھی منظوری دی۔میزان بینک 19 فیصد سے زائد کی کیپٹل ایڈیکویسی شرح کے ساتھ ایک مضبوط مالیاتی ادارہ ہے ۔ بینک کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 3.3 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر چکی ۔جون 2026 کے اختتام پر بینک کے مجموعی اثاثے 5.14 ٹریلین روپے تک پہنچ گئے جبکہ دسمبر 2025 کے اختتام پر یہ 4.81 ٹریلین روپے تھے ۔ بینک کے اثاثوں کا معیار بدستور مضبوط رہا جبکہ نان پرفارمنگ فنانسنگ کا تناسب صرف 1.83 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح نان پرفارمنگ فنانسنگ کے مقابلے میں بینک کی پروویژن کوریج 152 فیصد رہی۔بینک کی نیٹ اسپریڈ آمدن گزشتہ سال کی اسی مدت کے 125.76 ارب روپے کے مقابلے میں 2 فیصد اضافے کے ساتھ 128.79 ارب روپے رہی جبکہ نان فنڈڈ آمدنی 36 فیصد اضافے کے ساتھ 15.92 ارب روپے سے بڑھ کر 21.63 ارب روپے ہو گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments