استنبول ایکسپو:بزنس کمیونٹی، 100سے زائد سفارتی نمائندے شریک
وزارت تجارت کے نمائندوں کی موجودگی نے ایونٹ کی معاشی اہمیت کونمایاں کیا عالمی بزنس فورم بھی منعقد، اسلامی بزنس کمیونٹی کو کراچی ایکسپو میں شرکت کی دعوت
استنبول (کامرس ڈیسک)استنبول ایکسپو سینٹر میں منعقدہ 21 ویں MUSIAD EXPO 2026 میں پاکستان کی بزنس کمیونٹی نے پاک انٹرنیشنل بزنس فورم (PIBF)کے زیر اہتمام بھرپور شرکت کی۔ اس 4روزہ عالمی تجارتی نمائش میں دنیا بھر سے سرمایہ کار، صنعت کار اور سفارتی نمائندے جمع ہوئے ۔ پاکستانی وفد کی قیادت پی آئی بی ایف گلوبل کے ڈائریکٹر اور صدر پی آئی بی ایف کراچی سہیل عزیز نے کی، جبکہ محمد عامر رفیع نے چیف کوآرڈی نیٹر کے فرائض انجام دیے ۔ وفد میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے 37 صنعت کار، ایکسپورٹرز اور جوان انٹرپرینیورز شامل تھے ۔ ایکسپو کے دوران پاکستان کے قونصل جنرل فواد خرم اور موسیاد کے صدر، IBF چیئرمین برہان ozdemir کویادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ 100 سے زائد سفارتی نمائندوں کی نشست اور وزارت تجارت کی موجودگی نے اس ایونٹ کی معاشی اہمیت کو مزید نمایاں کیا۔
نمائش کے ساتھ 29 ویں عالمی بزنس فورم کانفرنس بھی منعقد ہوئی،جس میں 42 ممالک کے نمائندے شریک ہوئے ۔ اس موقع پرپی آئی بی ایف وفد نے تاریخی پس منظر کو مدنظر رکھتے ہوئے تجویز پیش کی کہ 2029 کی IBF کانفرنس پاکستان میں منعقد کی جائے ۔بورڈ آف گورنرز کی میٹنگ میں سہیل عزیز نے IBFپاکستان کے ایکسپورٹ پوٹینشل، ایس ایم ایز (SMEs)اور نوجوان بزنس کمیونٹی کا مقدمہ پیش کیا۔ میٹنگ میں میرا برانڈ پاکستان کے ماڈل کو بھی سراہا گیا اور اسے مسلم برادرز کے وسیع ترتصور میں ڈھالنے کی تجویز پر ترکی، سعودی عرب، قطر، عمان اور دیگر ممالک نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔پی آئی بی ایف کی جانب سے عالم اسلام کی بزنس کمیونٹی کو 22 تا 24 جنوری 2027 کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والی ‘‘گرینڈ میرابرانڈپاکستان ایکسپو’’ میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments