اسٹاک ایکسچینج میں مندی،انڈیکس 1332پوائنٹس گنوابیٹھا
فروخت کا دباؤ،کے ایس ای 100انڈیکس 168636پوائنٹس پربند 151ارب روپے سے زائد کا خسارہ،کاروباری حجم 7.24فیصد کم رہا
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو اتارچڑھاو کے بعد مندی رہی،مندی کے سبب 65.65فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے 1کھرب 51ارب روپے سے زائد ڈوب گئے ۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا ،ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 719پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 1لاکھ 70ہزار پوائنٹس کی سطح بحال ہوگئی لیکن آئل اینڈ گیس، کمرشل بینکس اور سیمنٹ سیکٹر میں فروخت بڑھنے سے جاری تیزی مندی میں تبدیل ہوگئی،ایک موقع پر 1401پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں قدرے کمی واقع ہوئی۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1332 پوائنٹس کی کمی سے 168636پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 381پوائنٹس کی کمی سے 50262 پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 795.55 پوائنٹس کی کمی سے 102097.08پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 2092.75پوائنٹس کی کمی سے 241515.75پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم بدھ کی نسبت 7.24فیصد کم رہا ۔گزشتہ روز 54کروڑ 83 لاکھ 80ہزار 518 حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر 492 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 121 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 323 میں کمی اور 48 میں استحکام رہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments