اسٹاک ایکسچینج ، مندی کا تسلسل ٹوٹ گیا، 76 ارب منافع
779.34 پوائنٹس کے اضافے سے 100 انڈیکس 165930 پر بند 37کروڑ 99 سے زائد حصص کے سودے ،کاروباری حجم 15فیصد کم رہا
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں دو روز سے جاری مندی کا تسلسل ٹوٹ گیا ،دوران کاروبار اتارچڑھاو کے بعد تیزی رہی۔تیزی کے سبب 45.27فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 76ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ ہوا۔ اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا لیکن خلیج کی صورتحال بدستور خراب رہنے ، امریکا ایران تناو برقرار رہنے سے خام تیل کی غیرمستحکم قیمتوں سے جاری تیزی مندی میں تبدیل ہوگئی جس سے ایک موقع پر 419 پوائنٹس کی مندی سے انڈیکس کی 1لاکھ 65ہزار پوائنٹس کی بھی گرگئی تھی تاہم اختتامی 45منٹ کے دورانیے میں آٹوموٹیو، پاورجنریشن آئل اینڈ گیس سیکٹر کے قابل ذکر کمپنیوں میں خریداری بڑھنے سے مارکیٹ نے دوبارہ یوٹرن لیا اور تیزی رونما ہوئی جس سے ایک موقع پر 1090 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 1لاکھ 66ہزار پوائنٹس کی سطح بھی بحال ہوگئی تھی تاہم اختتامی لمحات میں پرافٹ ٹیکنگ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی ۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 779.34 پوائنٹس کے اضافے سے 165930.99 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 15فیصد کم رہا۔ گزشتہ روز 37کروڑ 99 لاکھ 05ہزار 194 حصص کے سودے ہوئے۔ مجموعی طور پر 497 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 225 کمپنیوں کے حصص کے بھاو میں اضافہ، 230 میں کمی اور 42 میں استحکام رہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments