سائٹ صنعتی ایریا میں رجسٹریشن ہیلپ ڈیسک قائم

سائٹ صنعتی ایریا میں رجسٹریشن ہیلپ ڈیسک قائم

صنعتکاررشوت مانگنے والے افسران کی شکایت کریں، ساجد جمال ابڑو

کراچی (بزنس ڈیسک) سندھ لیبر ڈپارٹمنٹ نے سائٹ صنعتی ایریا کے ورکرز کی رجسٹریشن کا عمل آسان بنانے اور صنعتکاروں کو لیبر ڈپارٹمنٹ سے متعلق سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری میں ہر منگل اور جمعرات کو خصوصی لیبر رجسٹریشن ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سیکریٹری لیبر سندھ ساجد جمال ابڑو نے سائٹ ایسوسی ایشن کے دورے کے موقع پر سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر عبدالہادی کی تجویز پر مذکورہ سہولت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کی رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کیلئے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے صنعتکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رجسٹریشن کے سلسلے میں کوئی افسر رشوت یا رقم کا مطالبہ کرے تو اس کی فوری شکایت کی جائے۔ انہوں نے ایسوسی ایشن کے ارکان کو رجسٹریشن کے لیے ایس باس پلیٹ فارم سے استفادہ کرنے کی بھی دعوت دی۔ ساجد جمال ابڑو نے کہا کہ سائٹ کے کلثوم بائی ولیکا سوشل سیکیورٹی اسپتال میں طبی سہولتوں اور خدمات کا معیار بہتر بنانے کے لیے سرکاری و نجی اشتراک کے تحت اقدامات جاری ہیں اور جلد اسپتال کی کارکردگی اور خدمات میں نمایاں تبدیلی نظر آئے گی۔

انہوں نے صنعتکاروں کو دعوت دی کہ وہ کچھ عرصے بعد دوبارہ اسپتال کا دورہ کرکے بہتری کا خود جائزہ لیں۔ قبل ازیں سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر عبدالہادی نے سیکرٹری لیبر کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت ایسوسی ایشن کے ممبران کو لیبر ڈپارٹمنٹ سے متعلق درپیش مسائل حل کرنے میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...