ڈیموکریٹس کی ٹرمپ کیخلاف خفیہ اداروں میں سیاسی مداخلت اور برطرفیوں کی تحقیقات کی تیاری
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انٹیلی جنس اداروں میں سیاسی مداخلت اور بڑے پیمانے پر افسران کی برطرفیوں کی تحقیقات کی تیاری شروع کر دی ہے۔
ڈیموکریٹس جنوری میں ایوان نمائندگان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد انٹیلی جنس اداروں میں ملازمین کی برطرفیوں، سیاسی دباؤ اور تجزیاتی رپورٹس میں ممکنہ خود ساختہ سنسرشپ کا جائزہ لیں گے۔
ہاؤس انٹیلی جنس کمیٹی کے آئندہ چیئرمین اور ڈیموکریٹ رہنما جم ہائمز کا کہنا ہے کہ سیاسی دباؤ کے باعث انٹیلی جنس اداروں کے ملازمین کا حوصلہ متاثر ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ دور میں سابق ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس تلسی گبارڈ نے ادارے کے عملے میں 40 فیصد کمی کی، جبکہ سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف نے بھی ایک ہزار سے زائد ملازمتیں ختم کرنے کا منصوبہ پیش کیا، برطرف کیے جانے والوں میں سینئر انٹیلی جنس تجزیہ کار اور اعلیٰ عہدوں پر تعینات افسران بھی شامل تھے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بعض تجزیہ کاروں کو ایسی رپورٹس تیار کرنے پر بھی عہدوں سے ہٹایا گیا جن کے نتائج وائٹ ہاؤس کی پالیسی سے مطابقت نہیں رکھتے تھے۔
ڈیموکریٹس ان اقدامات کے ذریعے انٹیلی جنس اداروں کی خودمختاری اور پیشہ ورانہ آزادی پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments