شارجہ کتاب میلے میں شیخہ بدور القاسمی کی نئی کتاب ’’منطق الطیر‘‘ کی رونمائی

شارجہ: (سید مدثر خوشنود) شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر 2026ء میں شیخہ بدور بنت سلطان القاسمی نے اپنی نئی ادبی تصنیف ’’منطق الطیر‘‘ کی رونمائی کر دی۔

فارسی کے معروف صوفی شاعر فریدالدین عطار کی شہرہ آفاق داستان سے متاثر ہوکر لکھی گئی یہ کتاب بچوں کو خود اعتمادی، ہمت، باہمی تعاون اور ماحولیاتی تحفظ کا پیغام دیتی ہے۔

کلمات گروپ کی بانی اور چیف ایگزیکٹو شیخہ بدور القاسمی نے 8 نومبر کو شارجہ کتاب میلے میں اپنی نئی کتاب کی کاپیوں پر دستخط کیے، دو گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی تقریب میں قارئین اور کتابوں سے دلچسپی رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

منطق الطیر عربی اور انگریزی زبانوں میں شائع کی گئی ہے اور اسے خصوصی طور پر 8 سے 12 سال کی عمر کے بچوں کے لیے تیار کیا گیا ہے، کتاب کی تصویری عکاسی معروف مصورہ نوشین صادقیان نے کی ہے، جبکہ اس میں قدیم ادبی داستان کو جدید دور کے انسانی اور ماحولیاتی مسائل سے جوڑا گیا ہے۔

کتاب کی کہانی مختلف علاقوں سے آنے والے پرندوں کے گرد گھومتی ہے، جو جنگلات کی تباہی اور فضائی آلودگی سے پریشان ہوکر اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ایک غیر معمولی سفر شروع کرتے ہیں۔

دانا ہدہد کی رہنمائی میں پرندے سات وادیوں سے گزرتے ہوئے کوہِ قاف پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں، جہاں وہ افسانوی پرندے سیمرغ سے اپنے سوالات کے جواب حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

اس سفر کے دوران پرندوں کو مختلف مشکلات، خوف اور آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کہانی کے ذریعے بچوں کو یہ سبق دیا گیا ہے کہ مشکلات پر قابو پانے کے لیے ہمت، مستقل مزاجی، دوسروں کی مدد اور اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔

کتاب کا ایک اہم پہلو ماحولیاتی آگاہی بھی ہے، جس میں جنگلات کے تحفظ، آلودگی کے اثرات اور قدرتی وسائل کی حفاظت کے حوالے سے بچوں میں ذمہ داری کا احساس پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ شیخہ بدور القاسمی کو 2025ء میں بچوں کے ادب کے شعبے میں بولونیا راگاتزی ایوارڈ بھی مل چکا ہے، ان کی نئی تصنیف ’’منطق الطیر‘‘ کو شارجہ کتاب میلے کی اہم ادبی سرگرمیوں میں شامل کیا گیا ہے، جس کا مقصد نئی نسل کو مطالعے، تخلیقی سوچ اور مثبت انسانی اقدار کی جانب راغب کرنا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...