ماحولیاتی نقصان پہنچانے پر امریکا اور اسرائیل کا احتساب کیا جائے، ایرانی صدر
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے مطالبہ کیا ہے کہ ایران کو ماحولیاتی نقصان پہنچانے پر امریکا اور اسرائیل کا احتساب کیا جائے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کوپ 31 کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حملوں کے نتیجے میں ایران کو بڑے پیمانے پر جانی، معاشی اور ماحولیاتی نقصان پہنچا ہے، قدرتی وسائل کو نشانہ بنانے کے اثرات کئی نسلوں تک برقرار رہ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں سے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی کی عالمی کوششوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے، ایران میں محفوظ قدرتی علاقوں اور ماحولیاتی محافظوں کے مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ فوجی جارحیت کے نتیجے میں ہونے والے ماحولیاتی نقصانات کی دستاویز بندی اور ذمہ داروں کے احتساب کیلئے مؤثر عالمی نظام قائم کیا جانا چاہیے، پابندیوں کے باوجود ایران میں قابل تجدید توانائی کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ زمین کسی ایک ملک یا نسل کی ملکیت نہیں بلکہ اسے آنے والی نسلوں کیلئے محفوظ رکھنا سب کی ذمہ داری ہے، ماحولیاتی تحفظ کیلئے امن اور امن کے قیام کیلئے ماحول کا تحفظ ضروری ہے۔
صدر پزشکیان نے مزید کہا کہ ایران منصفانہ اور ذمہ دارانہ عالمی تعاون کیلئے تیار ہے، ایران جنگ جاری رکھنے کا خواہاں نہیں اور اس کی اولین ترجیح امن ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments