کوہاٹ میں فتنہ الخوارج کا پولیس پارٹی پر حملہ، 10 جوان شہید، 18 خوارج جہنم واصل
کوہاٹ: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا پولیس اور مقامی سول انتظامیہ نے کوہاٹ کے قریب درابوکچ میں غیرقانونی سونے کی مائننگ کرنے والے عناصر کے خلاف آپریشن کیا۔
آپریشن مکمل کرنے کے بعد واپس لوٹنے والی پولیس پارٹی پر جرائم پیشہ عناصر کے ایماء پر فتنہ الخوارج نے حملہ کر دیا، پولیس جوانوں نے حملہ آوروں کا انتہائی بہادری اور جواں مردی سے مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں 18 خوارج جہنم واصل ہوئے۔
اس دوران بہادری سے لڑتے ہوئے خیبر پختونخوا پولیس کے 10 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، بیرونی قوتوں کے ایماء پر جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کا باہمی گٹھ جوڑ اور پولیس پارٹی پر مشترکہ حملہ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ جرائم پیشہ مافیا اور فتنہ الخوارج آپس میں منظم روابط رکھتے ہیں۔
یہ واقعہ ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ فتنہ الخوارج کا دین اسلام اور پاکستان سے کوئی تعلق نہیں، یہ عناصر اپنے مذموم مقاصد کے لیے جرائم پیشہ مافیاز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، بیرونی پشت پناہی سے کام کرنے والے جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کے خلاف ہر ممکن کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خوارج کے سہولت کاروں اور جرائم پیشہ مافیاز کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا، کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی، شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کا تعلق خیبر پختونخوا، بالخصوص ضلع کوہاٹ سے تھا، ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments