عالمی آبی کانفرنس کیلئے امارات کی بڑی سفارتی تیاریاں، 180 عالمی نمائندوں کو خصوصی بریفنگ
ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات نے دسمبر میں ابوظہبی میں منعقد ہونے والی اقوام متحدہ کی عالمی آبی کانفرنس 2026ء کے لیے سفارتی، انتظامی اور بین الاقوامی سطح پر تیاریاں تیز کر دی ہیں۔
اماراتی وزارت خارجہ نے عالمی سفیروں، سفارتی مشنز اور بین الاقوامی تنظیموں کے 180 نمائندوں کو خصوصی بریفنگ دیتے ہوئے کانفرنس کے پروگرام، عالمی شرکت، انتظامات اور سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق اہم تفصیلات پیش کی ہیں۔
اماراتی وزارت خارجہ کے مطابق ابوظہبی کی انور قرقاش ڈپلومیٹک اکیڈمی میں منعقد ہونے والی دوسری اعلیٰ سطح کی سفارتی بریفنگ کی قیادت وزارت خارجہ کے معاون وزیر برائے توانائی و پائیداری عبداللہ بلعلاء نے کی۔ اس سے قبل مئی میں ہونے والی پہلی بریفنگ میں 150 سے زائد سفارتی نمائندوں نے شرکت کی تھی، جبکہ دوسری نشست میں 180 نمائندوں کی موجودگی کو عالمی کانفرنس کی تیاریوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔
اقوام متحدہ کی عالمی آبی کانفرنس 8 سے 10 دسمبر 2026 تک ابوظہبی نیشنل ایگزیبیشن سینٹر میں منعقد ہوگی، جس کی مشترکہ میزبانی متحدہ عرب امارات اور سینیگال کریں گے۔
کانفرنس میں دنیا بھر کے حکومتی نمائندوں، بین الاقوامی مالیاتی اداروں، سرمایہ کاروں، سائنس دانوں، ٹیکنالوجی کمپنیوں، نوجوانوں اور سماجی تنظیموں کی شرکت متوقع ہے۔
کانفرنس کے لیے امارات نے تین روزہ خصوصی پروگرام ترتیب دیا ہے، 8 دسمبر کو پانی کے ذریعے مشترکہ خوشحالی، 9 دسمبر کو انسانی زندگی اور روزگار کے لیے سرمایہ کاری، جبکہ 10 دسمبر کو مشترکہ اور پائیدار مستقبل کے موضوعات پر عالمی مذاکرات اور سرگرمیاں ہوں گی۔
تیاریوں کا ایک اہم پہلو ’’دی اویسس‘‘ کے نام سے خصوصی بین الاقوامی پلیٹ فارم کا قیام ہے، جہاں مختلف ممالک، کمپنیوں اور عالمی اداروں کو اپنے منصوبے، جدید ٹیکنالوجیز اور پانی کے مسائل کے عملی حل پیش کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، اس پلیٹ فارم پر سرمایہ کاروں، پالیسی سازوں، ماہرین اور کاروباری شخصیات کے درمیان براہِ راست روابط اور نئی شراکت داریوں کو فروغ دیا جائے گا۔
اماراتی حکومت نے عالمی آبی کانفرنس سے قبل پانی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے خصوصی واٹر فنانس لیڈرز فورم بھی منعقد کیا ہے، جس میں حکومتی مالیاتی اداروں، بینکوں، ترقیاتی فنڈز اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے شرکت کی، اس اقدام کا مقصد ایسے منصوبوں کی نشاندہی اور تیاری ہے جن میں نجی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جاسکے۔
اماراتی وزارت خارجہ کے معاون وزیر عبداللہ بلعلاء کے مطابق عالمی آبی کانفرنس کا مقصد محض اعلانات تک محدود رہنا نہیں بلکہ عالمی وعدوں کو عملی اقدامات، سرمایہ کاری اور قابلِ پیمائش نتائج میں تبدیل کرنا ہے، پانی کے عالمی بحران سے نمٹنے کے لیے حکومتوں، مالیاتی اداروں اور نجی شعبے کے درمیان مضبوط تعاون ضروری ہے۔
اقوام متحدہ کے اعدادوشمار کے مطابق دنیا میں تقریباً دو ارب دس کروڑ افراد محفوظ طریقے سے فراہم کیے جانے والے پینے کے پانی سے محروم ہیں، جبکہ تین ارب چالیس کروڑ افراد کو محفوظ نکاسی آب کی سہولت دستیاب نہیں، ان سنگین چیلنجز کے پیش نظر ابوظہبی کانفرنس کو عالمی آبی تحفظ، پائیدار ترقی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم موقع قرار دیا جارہا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی جانب سے کانفرنس میں عالمی شرکت بڑھانے، جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دینے اور پانی کے منصوبوں کے لیے نئے مالیاتی مواقع پیدا کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
اماراتی حکام کے مطابق کانفرنس کا بنیادی ہدف عالمی تعاون کو ایسے عملی منصوبوں میں تبدیل کرنا ہے جو دنیا بھر میں صاف پانی اور نکاسی آب کی سہولتوں تک رسائی بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments