فوڈ ایگ نمائش کا آغازآج سے کراچی ایکسپو میں ہوگا
لانچنگ تقریب میں زرعی و غذائی شعبے کی برآمدی صلاحیت کو اجاگر کیا گیا حکومت کا زرعی و غذائی مصنوعات کی برآمدات کے فروغ کے عزم کا اعادہ
کراچی(بزنس ڈیسک) فوڈ ایگ 2026 کی مرکزی نمائش کا آغاز آج سے کراچی ایکسپوسینٹر میں منعقد ہوگاجس میں 70 سے زائد ممالک کی 850 غیر ملکی کمپنیوں اور مندوبین کے علاوہ 400 پاکستانی نمائش کنندگان شرکت کرینگے ۔ وزارتِ تجارت کے تحت ٹڈاپ کے زیرِ اہتمام فوڈ ایگ 2026 کی سافٹ لانچنگ تقریب کراچی میں منعقد ہوئی جس میں چار روزہ بین الاقوامی نمائش سے قبل پاکستان کی زرعی و غذائی شعبے کی برآمدی صلاحیت کو اجاگر کیا گیا۔ٹڈاپ کے چیف ایگزیکٹو فیض احمد نے فوڈ ایگ کے چوتھے ایڈیشن کے انتظامات اور تیاریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے مؤثر ون ونڈو پلیٹ فارم قرار دیا جو پاکستانی زرعی پیداوار سے وابستہ اداروں اور کاشتکاروں کو بین الاقوامی کمپنیوں اور متعلقہ ریگولیٹری اداروں سے منسلک کرنے کا ذریعہ ہے ۔تقریب کے مہمانِ خصوصی اور وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسن نے زرعی و غذائی شعبے کے فروغ کو حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اور صنعت کی مشترکہ کوششوں سے برآمدی مصنوعات کے معیار اور پائیداری کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے تقریب کے مرکزی موضوع جدت کی فصل، پائیداری کی آبیاری کو بھی اسی عزم کا عکاس قرار دیا ۔ نمائش میں شرکت کیلئے پاکستان آنے والی غیر ملکی کمپنیوں اور وفود نے پاکستانی مارکیٹ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ بین الاقوامی شیفس نے بھی پاکستانی اجزاء کی عمدہ کوالٹی اور عالمی پکوانوں میں ان کے متنوع استعمال کو سراہا۔نمائش 23 سے 26 نومبر تک منعقد ہوگی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments