انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہورمیں جدید لیب کاافتتاح
فیڈمک صنعتی یونٹوں کیلئے IMAL کی خدمات کا فائدہ اٹھائیگی:میاں کاشف اشفاق
فیصل آباد(نامہ نگار خصوصی)چیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) میاں کاشف اشفاق نے انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ انڈسٹریل مانیٹرنگ اینڈ آٹو میشن لیب (IMAL) کا افتتاح کیا جو ملک بھر کے صنعتی علاقوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرے گا۔ میاں کاشف اشفاق نے اعلیٰ سطح کی ریسرچ اور انڈسٹری کو درپیش مختلف مسائل کے حل کیلئے متعدد نئے سافٹ ویئر تیار کرنے پر یونیورسٹی کے اساتذہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعہ عالمی منڈیوں کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور پیداواری لاگت کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب ہر ملک کی ترقی کا انحصار آئی ٹی کے استعمال اور اس سے استفادہ پر منحصر ہے ۔ موجودہ حکومت آئی ٹی کے فروغ کو بہت اہمیت دیتی ہے اور اس کے تمام منصوبوں خاص طور پر صنعتی اور تعلیمی شعبوں کو تمام ضروری فنڈز مہیا کیے جارہے ہیں۔ فیڈمک صنعتی یونٹوں کی اپ گریڈیشن اور آٹومیشن کے لئے IMAL کی خدمات کا بھرپور فائدہ اٹھائے گی،قبل ازیں ڈاکٹر توصیف توقیر نے واسا لاہور، لیسکو، فین انڈسٹری اور دیگر شعبوں کو خدمات کی فراہمی میں IMAL کے کردار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں چیئرمین کو لیب کے مختلف حصے دکھائے گئے اور انہوں نے اس کے کام میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔