واسا میں 1 ہزار سے زائد سیور مینز کی کمی کا سامنا

واسا میں 1 ہزار سے زائد سیور مینز کی کمی کا سامنا

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)شہر میں نکاسی آب کے مسائل کے حل نہ ہونے اور نشیبی علاقے کئی کئی دن سیوریج کے پانی میں ڈوبے رہنے کی وجہ کا بھانڈا واسا کے سیور مین کی شدید قلت نے پھوڑ دیا ۔

واسا ایس او پیز کے مطابق ایک کلومیٹر کے لیے ایک سیور مین بھرتی ہونا چاہیے لیکن واسا سیورمین پورے کرنے میں بھی ناکام نظر آرہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق واسا کی تقریبا 1900کلو میٹر سیور یج لائن کے لیے صرف ساڑھے 650سیورمین ہیں ، چندایک ورک چارج میں موجود ہیں ۔ واسا کو ایک ہزار سے زائد سیورمینز کی کمی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔

سیورمینز کی کمی کے باعث شہر میں سیوریج لائنز صاف کرنے میں دقت کا سامنا ہے جس کے باعث شہر کے متعدد علاقے ہفتو ں پانی میں ڈوبے رہتے ہیں اور شہری مشکلات سے دوچار ہوتے ہیں ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ واسا کی ناقص کارکردگی اور انتظامات کے باعث سیوریج مسائل کا سامنا کرنا پڑنا کر رہا ہے ۔

سیوریج لائنز کی صفائی نہ ہونے کے باعث اگر کبھی بارش ہو جائے تو کئی کئی دن پانی کی نکاسی نہیں ہوتی جسکے باعث انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ انکا مزید کہنا تھا کہ گلی محلوں میں سیوریج کے گندے پانی سے بدبو اور تعفن پھیلتا ہے جو مختلف خطرناک بیماریوں کی وجہ ہے ،شہری اپیل کرتے ہیں کہ واسا حکام اس سنگین مسئلے کی طرف نظر کریں اور اگر واسا کے پاس ملازمین کی کمی ہے تو اسے جلد از جلد پورا کرے اور سیوریج مسائل جلد از جلد حل کیے جائیں ۔

اس معاملے پر موقف دیتے ہوئے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر محمد عدنان کا کہنا تھا 400 سیور مینز کی سیٹیں خالی ہیں جن پر سیورمین بھرتی کرنے لیے پنجاب حکومت کو سمری بھی جاری کی گئی تھی لیکن تاحال منظوری نہیں دی گئی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں