مہنگائی کے ستائے عوام پر مزید بوجھ ، بورڈ نے فیسیں بڑھا دیں
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے اب پڑھائی بھی مزید مہنگی ہوگی۔ تعلیمی بورڈ فیصل آباد نے پڑھائی کو بھی مہنگا کردیا۔
تعلیمی بورڈ فیصل آباد نے طلبہ کیلئے میسر تمام سروسز کی فیسوں میں دو گنا تک اضافہ کردیا۔ داخلہ اپلائی کرتے وقت اب طلبہ کو پراسیسنگ فیس 530 روپے کی بجائے 800 روپے ادا کرنا ہوگی۔ سرٹیفکیٹ فیس 700 سے بڑھا کر 1200 روپے اور پیپر ری چیکنگ فیس 1300 سے بڑھا کر 2 ہزار روپے کردی گئی۔ مائیگریشن فیس تین ہزار سے بڑھا کر چار ہزار روپے کردی گئی۔ پرائیویٹ سکولز کی وزٹ فیس 30 ہزار سے 35 ہزار روپے کردی گئی ہے ۔ الحاق کے وقت پرائیویٹ سکول انڈڈومنٹ فنڈ 50 ہزار سے 60ہزار روپے اور نجی کالجز کیلئے ایک لاکھ ایک لاکھ 30 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ 50 ہزار روپے کردی گئی ہے ۔ سپورٹس فنڈ ایک سو سے بڑھا کر دو سو روپے اور سکالرشپ فنڈ 50روپے فی طالب علم سے بڑھا کر ایک سو روپے کردی گئی ہے ۔ فیسیں بڑھنے سے طلبہ پر مزید بوجھ بڑھے گا۔