بارش کا پانی جمع ،گورنمنٹ ورکرز ویلفیئر سکول کی دیوار گرگئی
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)محکمہ سکول ایجوکیشن کی ہٹ دھرمی سے گورنمنٹ ورکرز ویلفیئر کا دیرینہ مسئلہ حل نہ ہوا البتہ سکول کی بلڈنگ گرنے لگی۔
حالیہ بارشوں سے خستہ حال سٹرکچر، سطح زمین سے نیچا صحن اور لان اور بیرونی دیواریں متاثر ہونے لگیں۔ سکول کی بیرونی دیوار انتہائی خستہ حال ہونے سے گر گئی۔ تیز بارش نے جوہر کالونی کو ڈبو دیا۔ بارش کے بعد نکاسی آب نہ ہونے سے گورنمنٹ ورکرز ویلفیئر سکول کی دیوار گرگئی اور سکول کا گرائونڈ بھی پانی سے بھر گیا۔ سکول کی چاردیواری گرنے اور سکول میں پانی جمع ہو جانے سے طلبہ کو سکول آنے جانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ سکول ہیڈ کا کہنا تھا کہ واسا حکام کو چاہیے علاقے سے نکاسی آب کو یقینی بنائیں کیونکہ پانی جمع رہنے تک سکول کی چاردیواری کی ازسرنو تعمیر ممکن نہیں۔ اساتذہ اور طلبہ نے واسا حکام سے علاقے اور سکول سے جلد از جلد نکاسی آب کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سکول کی چاردیواری کی تعمیر ممکن ہوسکے ۔