اساتذہ طلبہ کوڈینگی ، آشوب چشم آگاہی دیں:کاشف ضیاء
بلوچنی( نمائندہ دنیا )سی ای او ایجوکیشن فیصل آباد چوہدری کاشف ضیاء نے کہا ہے کہ ہیڈ ماسٹر زفنڈز میں شفافیت کو یقینی بنائیں،ڈینگی اور آشوب چشم کی وباء بارے بچوں کو زیر و پیریڈ میں آگاہی دی جائے ۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے مزید کہا ہیڈ ماسٹرز اور اساتذہ اپنے فرائض منصبی کو احسن انداز سے انجام دیں تاکہ گورنمنٹ سکولوں کا معیار تعلیم بلند اور عوام کا اعتماد بحال ہو سکے اساتذہ اور ہیڈ ٹیچرز کو وقت کی پابندی، معیار تعلیم کی بلندی اور فنڈز میں شفافیت کو یقینی بنانا چاہئے ۔ اگر کوئی ہیڈ ماسٹرز فنڈز خورد برد کرتا پایا گیا تو سخت قانونی کارروائی ہو گی۔ سرکاری اداروں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ پی ایچ ڈی، ایم فل اساتذہ کو گورنمنٹ بھاری تنخواہیں دے رہی ہے ۔ انکی قابلیت کے مطابق بچوں کا معیار تعلیم بلند ہونا چاہئے ۔ سکول ٹائم میں موبائل فون کا استعمال سختی سے منع ہے ۔ موبائل کا استعمال پایا گیا تو ٹیچرز اور ہیڈ ٹیچرز کے خلاف کارروائی ہوگی۔ ضلع بھر کے سکولوں کی خصوصی چیکنگ کی جا رہی ہے ۔ اس موقع پر طاہر حمید فانی، مدثر حمید فانی، ملک اسلم ایاز،میاں عتیق الرحمن، مسعود باٹھ، عمر شفیق بھٹی ودیگر موجود تھے۔