دواداروں کی چپقلش پارکوں ،گرین بیلٹس کا حسن گہنانے لگی

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)پارکوں کے اطراف سے گرین ویسٹ اُٹھانے کے لیے ایف ڈبلیو ایم سی اور پی ایچ اے کے درمیان جاری چپقلش پارکوں اور گرین بیلٹس کا حسن گہنانے کا سبب بننے لگی۔
ویسٹ مینجمنٹ ٹیمیں پی ایچ اے کے پارکس کے باہر اور اطراف میں پڑے گرین ویسٹ کے ساتھ کوڑاکرکٹ و سالڈ ویسٹ بھی نظر انداز کرنے لگے ہیں جس سے ناصرف شیخوپورہ روڈ پر موجود کریسنٹ گراؤنڈ سمیت دیگر پارکس میں سیر و تفریح کے لیے آنے والے شہریوں و فیملیز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بلکہ کوڑا کرکٹ اور گرین ویسٹ کی بھرمار سے بدبو و تعفن پھیلنے کے ساتھ پارکس کی خوبصورتی بھی شدید متاثر ہورہی ہے ۔ ایف ڈبلیو ایم سی ذرائع کے مطابق حکام نے پارکس کے اطراف سے ویسٹ اُٹھانے سے منع کررکھا ہے حکام کا کہنا ہے کہ پارکس کے اطراف سے ویسٹ اٹھانے کی ذمہ داری پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کی ہے جبکہ دوسری طرف پی ایچ اے ملازمین ویسٹ اٹھانے کی بجائے ایف ڈبلیو ایم سی کی جانب دیکھتے رہتے ہیں جسکے باعث گرین و سالڈ ویسٹ کئی کئی روز تک پارکس کے اطراف پڑا رہتا ہے ۔