اشتہاری پکڑنے کیلئے اقدامات ناکافی،13 ہزار مطلوب

اشتہاری  پکڑنے  کیلئے  اقدامات  ناکافی،13   ہزار  مطلوب

فیصل آباد(عبدالباسط سے )ڈکیتی، چوری، راہزنی، اغوا، تاوان، زیادتی، بھتہ خوری، دہشتگردی، قتل، اقدام قتل، لوٹ مار، فراڈاور نوسربازی سمیت دیگر سنگین جرائم کے مقدمات میں ملوث اشتہاری ملزموں کی گرفتاری کیلئے پولیس کے اقدامات نا کافی۔۔۔

 پکڑنے کیلئے انکی لوکیشن لینے ، زیر استعمال بنک اکائونٹس اورجدید ٹیکنالوجی سے ٹریس کرنے کی بجائے روایتی طریقے استعمال کرتے انکے اہلخانہ کو مختلف انداز سے تنگ کئے جانے لگا ۔پولیس کو مطلوب اشتہاریوں کی تعداد 13 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ فیصل آباد پولیس کی جانب سے اشتہاریوں کی گرفتاریوں کیلئے تھانہ جات، سکیورٹی برانچ، ڈولفن، ایلیٹ فورس اور دیگر برانچوں پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ،ہر تھانہ کی سطح پر بھی اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹاسک سونپے گئے ہیں لیکن یہ احکامات صرف کاغذای کارروائیوں تک ہی محدود ہیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے آج بھی پرانا روایتی طریقہ کار استعمال کرکے اشتہاریوں کے گھروں پر چھاپے مار کر انکے والدین ، بھائیوں ودیگر اہلخانہ کو حراست میں لیکرے اشتہاریوں کو جذبانی انداز میں اپنی گرفتاری دینے پر مجبور کیا جاتا ہے جبکہ چھاپوں کے دوران اہلخانہ کی تذلیل سمیت نذرانے بھی وصول کئے جاتے ہیں۔ اشتہاری ملزم اکثر اہلخانہ سے بھی رابطے میں نہیں ہوتے پولیس صرف خانہ پوری کرتے حکام کو سب اچھا کی رپورٹ دینے کیلئے صرف انکے اہلخانہ کے خلاف اشتہاریوں کو پناہ دینے کے مقدمات درج کرکے بوگس رپورٹس پیش کردیتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق لائلپور ٹائون پولیس کو 2800،مدینہ ڈویژن پولیس کو 3400 ،اقبال ڈویژن پولیس کو 1400 ، جڑانوالہ ڈویژن کو 700اور صدر ڈویژن کو 1900 سے زائد اشتہاریوں کی تلاش ہے جبکہ ضلع بھر کے تھانوں کو مجموعی طور پر 13 ہزار سے زائد اشتہاری مطلوب ہیں جو گرفت میں نہ آنے سے شہریوں کیلئے خوف کی علامت بنے ہوئے ہیں اورجرائم میں بھی اضافے کا باعث بن رہے ہیں تاہم معاملے پر سی پی اور علی ضیا نے ضلع بھر کی پولیس کو اشتہاریوں کی گرفتاری یقینی بنانے کیلئے خصوصی ٹاسک سونپتے ہوئے موثر کارروائیاں کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں