بجلی چوروں کیخلاف کارروائیاں مشکوک،بڑی تعداد میں ملوث افراد بچ نکلے

بجلی چوروں کیخلاف کارروائیاں مشکوک،بڑی تعداد میں ملوث افراد بچ نکلے

فیصل آباد(بلال احمد)فیسکو کی بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں مشکوک ہوگئیں۔ بجلی چوری میں ملوث افراد کی بڑی تعداد کا کارروائیوں سے بچ نکلنے کا انکشاف ۔

افسروں نے بجلی کے میٹر مالک کے نام مقدمات کا اندراج کیا۔ سینکڑوں اصل چور شناخت میں ہی نہ آسکے ۔ ریکارڈ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے خلاف بھی مقدمات کے اندراج کا انکشاف ہوا ہے ۔پاور ڈویژن کی ہدایت پر گزشتہ کئی ماہ سے فیسکو کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ 230دنوں سے جاری مہم میں اب تک 7 ہزار 488 مقدمات کا اندارج کروایا جا چکا ہے جبکہ بجلی چوری کے کیسز میں 1 کروڑ 78 لاکھ چوری شدہ یونٹس کا 80 کروڑ رسے زائد جرمانہ بھی عائد کیا جا چکا ہے تاہم ریجن کے تمام 8 اضلاع میں کی گئی کارروائیوں میں کچھ مشکوک معاملات بھی سامنے آگئے ہیں جن کے باعث فیسکو کی مہم پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ حال ہی میں پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بجلی چوری کے خلاف درج کروائے گئے ایک مقدمہ میں یہ بات سامنے آئی کہ سب ڈویژن منصور آباد کے ایس ڈی او رانا علی رضا کی جانب سے منصور آباد گلی نمبر 15میں لگے میٹر کو بجلی چوری میں ملوث ہونے پر اتار لیا گیا اور ریکارڈ میں سامنے آنے والے مالک کے خلاف مقدمہ بھی درج کروا دیا گیا تاہم تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ میٹر کا مالک رانا افضل نامی شخص ایک سال قبل ہی جنوری 2023 میں وفات پا چکا ہے جس کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی سامنے آگیا جس پر پولیس نے  مقدمہ خارج کردیا ۔ ذرائع کے مطابق فیسکو حکام کی جانب سے بجلی چوری پکڑی جانے پر میٹر کے مقابلے میں ریکارڈ پر آنے والے مالک کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا جاتا ہے جن میں سے سینکڑوں افراد اب اس دنیا میں موجود نہیں اور اسی بنا پر بجلی چوری میں ملوث سینکڑوں چور بھی بچ نکلے ہیں ۔مذکورہ معاملے پر فیسکو چیف  انجینئر عامر کا کہنا ہے کہ میٹر جس کے نام ہوگا اس کے خلاف مقدمہ درج کروایا جاتا ہے تاہم ریکارڈ کو اپ ڈیٹ کرنے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ ایس ڈی او منصور آباد رانا علی رضا کا کہنا ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں کے پریشر کے زیر اثر تیزی میں مقدمات کا اندراج کروایا جاتا ہے جس کے باعث ایسے کیس سامنے آ جاتے ہیں۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر اب فیسکو ٹیموں کے ہمراہ ایف آئی اے بھی کام کررہی ہے تاہم جاں بحق افراد کے خلاف کیسز درج کروانے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد فیسکو کی بجلی چوروں کے خلاف مہم کو بڑا دھچکا لگا ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں