جنرل بس سٹینڈ پر سرکاری ڈسپنسری پولیو مہم کے نام پر بند

جنرل بس سٹینڈ پر سرکاری ڈسپنسری پولیو مہم کے نام پر بند

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)محکمہ صحت کا انوکھا اقدام، روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں افراد کی آمدورفت کے مقام جنرل بس سٹینڈ پر واقع سرکاری ڈسپنسری پولیو مہم کے نام پر بند کردی۔۔۔۔

عملے نے سات روز کے لیے ڈسپنسری کی بندش کا نوٹس بھی آویزاں کردیا۔29 اپریل سے ضلع بھر میں شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم میں محکمہ صحت کی جانب سے 4 ہزار 921 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو کہ گھر گھر جا کر اور مخصوص مقامات پر انسداد پولیو کے قطرے پلانے میں مصروف ہیں تاہم اس دوران محکمہ کی جانب سے عملے کی تعیناتی میں بڑی بدانتظامی بھی سامنے آگئی ہے ۔ مختلف مقامات پر محکمہ صحت کے تحت چلنے والے ڈسپنسریوں کو انسداد پولیو مہم کے دوران تالے لگا دیئے گئے ہیں۔ جنرل بس اسٹینڈ پر بنائی گئی سرکاری ڈسپنسری کے باہر نوٹس آویزاں کیا گیا ہے جس پر باقاعدہ طور پر انسداد پولیو مہم کے باعث 5 مئی تک ڈسپنسری بند رہنے کی اطلاع دی گئی ہے ۔ یاد رہے کہ روزانہ کی بنیاد پر جنرل بس سٹینڈ پرہزاروں کی تعداد میں مسافر اندرون اور بیرون شہر سفر کرتے ہیں جنہیں طبیعت خرابی کی صورت میں ڈسپنسری علاج کے لیے لایا جاتا ہے تاہم محکمہ صحت کی جانب سے متبادل سٹاف کی تعیناتی کرنے کے بجائے ڈسپنسری ہی بند کردی گئی ہے ۔ اس حوالے سے ایڈمنسٹریٹر جنرل بس اسٹینڈ رانا حبیب کا کہنا ہے کہ ڈسپنسری کا نظام چلانا محکمہ صحت کی ذمہ داری ہے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں