ری سائیکلنگ پلانٹ فعال نہ ہونے پر قومی خزانے کو نقصان
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )بجلی کی عدم فراہمی کے باوجود 3مرلہ ہاؤسنگ سکیم میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ڈسپوزل واٹر ورکس ری سائیکلنگ پلانٹ سے قومی سر مایہ ضائع ہو نے کا احتمال ہے ۔
ذرائع کے مطابق رہائشی کالونیوں کے ڈسپوزل واٹر ورکس کے گندے پانی سے ملحقہ علاقوں میں سبزیوں کی کاشت روکنے کیلئے حکومت پنجاب نے ڈسپوزل واٹر ورکس کے ساتھ ری سائیکلنگ پلانٹ کی تنصیب کو ضروری قرار دیا جس کے بعد محکمہ ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی نے ہاؤسنگ کالونی تین مرلہ سکیم میں اڑھائی کروڑ روپے کی لاگت سے ڈسپوزل واٹر ورکس کے ساتھ ری سائیکلنگ پلانٹ تعمیر کیا ،یہاں یہ امرقابل ذکر ہے کہ مذکورہ پوری کا لو نی میں واپڈا کی طرف سے بجلی فراہم نہیں کی گئی بلکہ کالونی کے رہائشی گذشتہ 30سال سے ایک کلو میٹر کے فاصلہ سے اپنی الگ الگ تاریں ڈال کر گھروں میں بجلی استعمال کر رہے ہیں جبکہ مذکورہ پلانٹ کی تنصیب کے دوران بھی جنریٹر چلا کر کام مکمل کیا گیا اور محکمہ ہاؤسنگ نے بجلی نہ ہو نے کے باوجود کروڑوں روپے سے مذکورہ پلانٹ لگایا ۔کالونی کے رہائشیوں ،عوامی و سماجی حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ کالونی میں بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ قومی سر مایہ ضائع ہونے سے بچایا جائے ۔