حکومت زراعت کی ترقی کیلئے 64 ارب خرچ کر رہی :نعیم سندھو
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار )ٹو بہ ٹیک سنگھ کے ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو نے کہاہے کہ پنجاب حکومت زراعت کی ترقی پر 64 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کر رہی ہے۔
محکمہ زراعت کسانوں اور کاشتکاروں کو حکومت پنجاب کی جانب سے اربوں روپے کی سبسڈی کے لئے رہنمائی فراہم کر رہا ہے ، اس سلسلہ میں ضلع کی چاروں تحصیلوں میں آگاہی مہم کے کنونشن جاری ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں کسان کنونشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے تقریب کے شرکا سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر علی سمیر ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر نوشیر خان سمیت نمبرداروں اور کسانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ کسان کارڈ کے اجرا سے چھوٹے کسانوں کو قرضوں کا حصول ممکن ہوگا، زیادہ سے زیادہ چھوٹے کاشتکار کسان کارڈ سے فائدہ اٹھائیں، رجسٹریشن کی آخری تاریخ 15 اگست ہے وہ تمام کاشتکار جو ایک تا ساڑ ھے بارہ ایکٹر زمین کے مالکان ہیں وہ زمین اراضی ریکارڈ سنٹر میں رجسٹر ہو کر کسان کارڈ حاصل کر سکتے ہیں۔دریں اثنا ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے کسانوں کی سہولت کیلئے قائم تحصیل گوجرہ میں کسان سہولت سنٹر کا وزٹ کیا،اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر نوشیر خان نے کسان سہولت سنٹر بارے بریفنگ دی۔