چلڈرن ہسپتال کی لفٹ2ہفتے سے خراب،ناقص صفائی ،ریکارڈ عدم فراہمی کی بھی شکایات

چلڈرن ہسپتال کی لفٹ2ہفتے سے خراب،ناقص صفائی ،ریکارڈ عدم فراہمی کی بھی شکایات

فیصل آباد(بلال احمد سے )چلڈرن ہسپتال میں مسائل کی لمبی فہرست سامنے آگئی۔ او پی ڈی کی لفٹ دو ہفتوں سے خراب ہونے کا انکشاف، صفائی بھی جراثیم کش ادویات کے بغیر ہونے لگی۔

 صفائی عملے اور سکیورٹی گارڈز کی حاضری کے ریکارڈ میں بھی انتظامی افسر کی کوتاہی، ایم ایس نے ڈی ایم ایس او پی ڈی سروسز کو چارج شیٹ کردیا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ثاقب منیر کی جانب سے ڈی ایم ایس او پی ڈی سروسز ڈاکٹر محمد طلحہٰ کی ناقص کارکردگی پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے نوٹس جاری کردیا گیا جس کے مطابق مین سٹور روم میں فنائل کی دستیابی کے باوجود صفائی عملے کو فراہمی نہ کرکے غفلت کا مظاہرہ کیا گیا۔ کھڑکیوں کی صفائی نہ ہوئی جبکہ بیشتر کھڑکیاں بھی کھلی پائی گئیں۔ ڈی ایم ایس کی جانب سے صفائی عملے اور سکیورٹی گارڈز کی بائیو میٹرک حاضری کا بھی ریکارڈ ایس او پیز طے ہونے کے باوجود فراہم نہیں کیا جا رہا جبکہ او پی ڈی میں مریضوں کی رجسٹریشن سمیت دیگر ریکارڈ کی عدم فراہمی جیسی شکایات بھی ہیں۔ سپیشل سیکرٹری محکمہ صحت کی جانب سے گزشتہ روز ہسپتال کے دورے کے دوران مریض بچوں کے لواحقین نے شکایات کے انبار لگا دیئے ، ادویات کی عدم فراہمی، ٹیسٹوں کی سہولت سے محرومی اور ایک ایک بستر پر پانچ بچوں کی موجودگی پر سپیشل سیکرٹری کی جانب سے انتظامیہ کی سرزنش کی گئی ۔ایم ایس چلڈرن ہسپتال ڈاکٹر ثاقب منیر کا کہنا تھا کہ ڈی ایم ایس کو جاری نوٹس میں مسائل کی نشاندہی کی گئی جلد قابو پا لیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں