کراچی میں سمندری طوفان کا خطرہ ٹل گیا، اسنیٰ مغرب کی جانب بڑھنے لگا

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں سمندری طوفان کا خطرہ ٹل گیا، اسنیٰ پاکستان کے ساحل سے ہٹ کر مغرب کی جانب بڑھنے لگا۔

طوفان کے اثرات کے باعث سمندر میں شدید طغیانی اور جھکڑ چلنے لگے، اس سلسلہ میں ٹروپیکل سائیکلون کا ساتواں الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے، طوفان اورماڑہ سے 210 کلومیٹر اور گوادر سے 300 کلومیٹر کی دوری پر موجود ہے۔

انتظامیہ نے ماہی گیروں اور شہریوں کو آج اور کل سمندر کا رخ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے، طوفان کے زیراثر کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔

صدر، کلفٹن، کالا پل، محمود آباد، شارع فیصل پر بادل خوب برسے، سائٹ ایریا، گرو مندر، جیل روڈ پر بھی تیز بارش ہوئی۔

برسات کے باعث نرسری فرنیچر مارکیٹ میں بارش اور سیوریج کا پانی جمع ہو گیا، کیٹی بندر کا علاقہ شیخ بلاول گوٹھ بھی زیرآب آگیا۔

محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں 27 اگست سے ہونیوالی بارش کے اعدادو شمار جاری کر دیئے جن کے مطابق سب سے زیادہ بارش سرجانی میں 226 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، گلشن حدید میں 175، قائد آباد میں 161، ناظم آباد میں 122 ملی میٹر بارش ہوئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں