جنوبی افریقہ: مسلح افراد کی گلیوں میں شہریوں پر فائرنگ، 10 افراد ہلاک
جوہانسبرگ : (دنیا نیوز) جنوبی افریقہ کے سب سے بڑے شہر جوہانسبرگ میں فائرنگ کے نتیجہ میں کم سے کم 10 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ آج صبح کے وقت جونانسبرگ کے علاقے بیکرسڈیل میں نامعلوم مسلح افراد نے اچانک فائرنگ شروع کر دی، یہ علاقہ جنوب مغربی حصے میں واقع ہے اور شہر سے تقریباً 40 کلومیٹر کی مسافت پر ہے۔
پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افراد نے گلیوں میں چلنے والے عام افراد کو اندھادھند فائرنگ کی، ابھی واقعہ کا محرم معلوم نہیں ہو سکا۔
حکام کے مطابق ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے، تاہم پولیس پوری طرح سے متحرک ہے اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، حملہ آوروں کی تعداد 12 بتائی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق حملہ آور دو گاڑیوں میں پہنچے اور اترتے ہی لوگوں کو گولیوں کا نشانہ بنانا شروع کر دیا جبکہ بعدازاں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
خیال رہے کہ جنوبی افریقہ میں اس سے قبل بھی فائرنگ کے واقعات ہوتے رہے ہیں جو ایک بڑی معیشت ہے اور وہاں قتل کے واقعات کی شرح بہت بلند ہے، پچھلے برس ملک میں قتل کی شرح 20 سال کی بلند ترین رہی اور ہر 20 منٹ میں قتل کا ایک واقعہ رونما ہوا۔