پنجاب پاور ڈ ویلپمنٹ کمپنی سی ای او سمیت3اہم افسروں کی خلاف ضابطہ تقرریوں کا انکشاف
فیصل آباد(بلال احمد سے )پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی میں سی ای او سمیت تین مرکزی سیٹوں پر خلاف ضابطہ تقرریوں کا انکشاف ہوا ہے ، بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سپریم کورٹ کے احکامات کے برعکس تعیناتیوں کا عمل مکمل کیا۔
پنجاب میں توانائی کے منصوبوں کو فروغ دینے ، تھرمل، ہائیڈل سمیت دیگر ذرائع سے توانائی کے حصول میں معاونت اور مانیٹرنگ کے لئے بنائی گئی جہاں خلاف ضابطہ بھرتیوں کا معاملہ سامنے آگیا ۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق کسی بھی سرکاری ادارے میں مستقل، ایڈہاک یا عارضی ملازمین کی تعیناتی کیلئے اشتہار دینا ضروری ہے ۔ جبکہ ریٹائرمنٹ کی عمر ہونے کے بعد کسی بھی ملازم یا افسر کو دوبارہ کنٹریکٹ پر بھرتی کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ کی اجازت لینا ضروری ہے تاہم ذرائع کے مطابق مذکورہ کمپنی میں سی ای او، جنرل منیجر اور ان کے مشیر کی اہم تعیناتی کیلئے قوانین کی دھجیاں اڑا دی گئیں۔ قومی خزانے کو 7 کروڑ سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا۔بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے سی ای او سید فرخ علی شاہ کو بغیر اشتہار کے تعینات کردیا گیا۔جنرل منیجر پروکیورمنٹ و کنٹریکٹ احسان المجید خان کو عمر زائد ہونے کے باوجود وزیر اعلیٰ کی اجازت کے بغیر جبکہ جنرل منیجر ہائیڈل کے مشیر محمد یعقوب کو بھی بغیر اشتہار تعینات کردیا گیا۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز سے جواب طلب کیا گیا کمپنی حکام نے بتایاکہ مذکورہ افسروں کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کیلئے دوبارہ تعینات کیا گیا۔ تاہم جواب کو آڈیٹر جنرل پاکستان نے مسترد کر دیا۔