جڑانوالہ میں واقع شوگر ملز نے گنے کی کرشنگ کا آغاز کر دیا
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا ) پنجاب میں سب سے پہلے جڑانوالہ میں واقع شوگر ملز نے گنے کی کرشنگ کا آغاز کر دیا،جس سے کاشتکاروں کو ریلیف فراہم ہوگا جو بروقت گندم کی کاشت کرسکے گا۔
افتتاحی تقریب میں شوگر ملزکے چیئرمین میاں مصطفی علی طارق، جنرل منیجر اظہر فضل، چیئرمین مارکیٹ کمیٹی مرزا ارشد محمود ،کاشتکاروں کے مرکزی نمائندوں ملک ظفر اقبال کھوکھر، سرفراز تارڑ، جی ایم ایڈ من گل زمین سید وزمینداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ملز انتظامیہ نے کاشتکاروں کو یقین دہانی کروائی کہ کسانوں کو گنے کی پے منٹ بروقت یقینی بنائی جائے گی، اس سال 400 روپے فی من ریٹ مقرر کیا ہے ۔کاشتکاروں کے نمائندوں نے کہا کہ جڑانوالہ پنجاب کی سب سے بڑی تحصیل ہے اور زیادہ تر افراد زراعت سے منسلک ہیں ۔ زمینداروں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پاکستان، وزیراعلی پنجاب، سیکرٹری فوڈ پنجاب،کین کمشنر پنجاب، وزیر زراعت، سیکرٹری زراعت، از خودنوٹس لیکر صوبہ بھر کی شوگرملوں میں کرشنگ سیزن کا باقاعدہ آغاز کریں ، کرشنگ سیزن شروع نہ ہونے پر گندم کی پیدوار متاثر ہو رہی ہے ۔