سوشل میڈیا پر ریلوے پولیس میں بھرتیوں کا جعلی اشتہار وائرل
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)نوسر بازوں نے سوشل میڈیا پر ریلوے پولیس میں بھرتیوں کا جعلی اشتہار وائرل کردیا۔ ہیڈ کوارٹر لاہور میں معلومات لینے والوں کی فون کالز کا تانتا بندھ گیا۔
ریلوے پولیس میں بھرتیوں سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا اشتہار جعلی نکلا۔ ذرائع کے مطابق نوسربازوں نے اے ایس آئی، کانسٹیبل، ڈرائیور، واشر مین سمیت مختلف اسامیوں پر بھرتیوں کا اخباری تراشے پر مبنی اشتہار تیار کیا اور اسے سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس پر اپ لوڈ کردیا جس کے بعد ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور میں معمولات کے لیے رابطہ کرنے والوں کا تانتا بندھ گیا ملز موں نے اپلائی کرنے کا طریقہ کار بتانے کے ساتھ ساتھ فیس بھی طلب کی۔ اس حوالے سے ترجمان ریلوے پولیس محمد سعد کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلویز پولیس میں خالی اسامیوں پر بھرتیوں کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا اشتہار جعلی ہے ۔ جس کا مقصد دھوکہ دہی کے ذریعے پیسے ہتھیانا ہے ۔ ریلویز پولیس میں خالی اسامیوں پر بھرتیوں کے اشتہار جاری ہونے پر باقاعدہ طور پر آفیشل ویب سائٹ، سوشل اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے مطلع کیا جائے گا۔