الائیڈ ہسپتال ٹو میں آنکھوں کے مریضوں کو چیک کرنے والی دونوں ریفریکشن مشینیں خراب
فیصل آباد(بلال احمد سے )الائیڈ ہسپتال ٹو میں آنکھوں کے مریضوں کا چیک اپ کرنے کے لیے دونوں ریفریکشن مشینیں کام سے گئیں۔ ایم ایس نے 3 ماہ سے خراب مشین سے متعلق لا علمی کا اظہار کیا ہے ۔
مرض کی تشخیص کیلئے موجود ریفریکشن مشینوں میں سے ایک تین ماہ پہلے جبکہ دوسری گیارہ روز قبل خراب ہو گئی تاہم نہ ہی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مرمت کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا گیا اور نہ ہی ہسپتال کی انتظامیہ نے اس جانب توجہ دینا مناسب سمجھا ۔ او پی ڈی میں روزانہ اڑھائی سو سے زائد افراد تشخیص اور علاج کیلئے آتے ہیں جنہیں مشین میں خرابی کا بتا کر واپس لوٹا دیا جاتا ہے جبکہ ہسپتال کے بائیو میڈیکل انجینئرز بھی معاملے سے غافل ہیں ایم ایس ڈاکٹر ظفر اقبال سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ آئی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے انہیں مشینوں کی خرابی سے متعلق آگاہ ہی نہیں کیا گیا لہذا تمام تر ذمہ داری شعبے کو چلانے والوں پر عائد ہوتی ہے جن کی سرزنش بھی کی گئی ڈی ایم ایس سروسز کا معاملے سے بے خبر ہونے کا دفاع کرتے ہوئے ایم ایس کا کہنا تھا مشین کی مرمت اسی صورت میں ممکن تھی اگر شعبہ امراض چشم کی جانب سے اطلاع دی جاتی۔ مریضوں کا کہنا ہے شہر میں تاحال سموگ کے اثرات موجود ہیں اورآنکھوں میں جلن اور پانی بہنے جیسے مسائل عام ہیں تاہم انتظامیہ کی جانب سے مشینوں کی مرمت نہ کروانا افسوسناک ہے انہوں نے وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر اور سیکرٹری ہیلتھ سے معاملے کا نوٹس لے کر فوری حل کروانے کا مطالبہ کیا ہے ۔