خواتین کیخلاف تشدد کے خاتمہ کیلئے 16روزہ آگاہی مہم جاری
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)حکومت پنجاب کے زیر اہتمام خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے سے متعلق شعور و آگہی کو فروغ دینے کے لئے 16روزہ آگاہی مہم جاری ہے ۔
اس حوالے سے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی طرف سے صوبہ بھر میں ہمہ جہت نوعیت کے خصوصی پروگرامز منعقد کئے جا رہے ہیں جن میں اہم سرکاری عمارتوں پر منتخب رنگ کی لائٹنگ بھی شامل ہے ۔ایف ڈی اے کو بھی اس آگاہی مہم کا حصہ بنایا گیا ہے ۔اس سلسلے میں خواتین کے خلاف تشدد سے پاک معاشرے کے تقاضوں اور مثبت معاشرتی تبدیلیوں کو اجاگر کرنے کے لئے ایف ڈی اے کے مین کیمپس کی عمارت پر چراغاں کیا گیا ہے جس میں خصوصی طور پر اورنج کلر کی لائٹس لگائی گئی ہیں جو\'\'امید\'\'،\'\'روشن مستقبل\'\' اور تشدد سے پاک معاشرے کی علامت ہیں۔