سوشل میڈیا پرشہریوں سے ڈیجیٹل نوسر بازی جاری
چناب نگر(نامہ نگار )سوشل میڈیا پر ڈیجیٹل نوسر بازی جاری، قیمتی موبائل فون، الیکٹرونکس اشیاء سستے داموں بیچنے کی آڑ میں شہریوں سے لوٹ مار کا دھندہ عروج پر پہنچ گیا ،متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بن گئے ۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز فیس بک، ٹک ٹاک سمیت دیگر ایپس پر موبائل فونز، الیکٹرونکس کا سامان، کپڑے ، جوتے اور پر فیومز سمیت دیگر اشیا فروخت کرنے کی آڑ میں سادہ لوح شہریوں سے لوٹ مار کا سلسلہ عروج پر پہنچ چکا ہے ۔ ملزموں کا طریقہ واردات یہ ہے کہ پہلے قیمتی اشیا ء کا سستے داموں اشتہار دیکر شہریوں کو پھنسایا جاتا ہے پھر ان کو آن لائن ڈلیوری سروس کی آفر کی جاتی ہے جس کیلئے نصف قیمت ایڈوانس منگوالی جاتی ہے اور باقی مانندہ قیمت پراڈکٹ موصول ہونے پر ادائیگی کا وعدہ کیا جاتا ہے ۔ تاہم ملزمان ابتدائی رقم وصولی کے بعد بہانے بازی شروع کر دیتے ہیں اور پھر چند روز بعد خریدار کا نمبرہی بلاک کر دیا جاتا ہے جبکہ رقم وصولی کیلئے بنائے گئے آن لائن اکا ؤنٹس کیلئے بھی چوری شدہ نمبر استعمال کیے جاتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آن لائن فراڈ روکنے کیلئے پی ٹی اے نے موثر اقدامات نہیں اٹھائے ،حکومت آن لائن فراڈ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کرے ۔