ڈپٹی کمشنر جھنگ کا ڈسٹرکٹ جیل،مختلف تعلیمی اداروں کادورہ
جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ جیل،مختلف تعلیمی اداروں کادورہ کیا، تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کے ڈسٹرکٹ جیل کے دورہ کے موقع پر جیل پولیس کے دستے نے سلامی پیش کی۔
ڈپٹی کمشنر نے اندورن جیل خواتین وارڈ ،کمپیوٹر لیب، گودام، کچن اسیران ، ہسپتال اور مختلف بیرکوں کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے انتظامات کا جائزہ لینے کے دوران قیدی مریضوں کی عیادت کی اور علاج معالجہ کے حوالہ سے فراہم کردہ سہولیات بارے معلومات حاصل کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے جیل کے کچن،اسیران، خواتین وارڈ، نوعمر اسیران وارڈ میں مسائل دریافت کئے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قانون کے مطابق قیدیوں/ اسیران کو سہولیات و مراعات فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔دریں اثنا علی اکبر بھنڈر نے گورنمنٹ خواتین کالج جھنگ سٹی کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر کالج انتظامیہ اور دیگر ضلعی افسران ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کالج میں ملٹی پزپز ہال سمیت دیگر شعبوں کا معائنہ کیا اور کالج میں بہتری کے حوالے سے موثر اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ کالج انتظامیہ نے کالج میں جاری منصوبوں اور ترقیاتی کاموں بارے بریفنگ دی ۔دریں اثنا ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے چناب لائبریری میں دیگر سہولیات کا جائزہ لینے کے حوالہ سے دورہ کیا اور لائبریری میں سٹوڈنٹس سے بھی ملاقات کی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول آدھیوال اور گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول چک جنوبی کا دورہ کیا اور ہدایات جاری کیں۔