پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد میں کلچرل کارنرز قائم
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد میں کلچرل کارنرز قائم کردیئے گئے۔
جہاں ڈویژن بھر کے آرٹسٹوں کی تیارکردہ مصنوعات رکھی گئی ہیں۔سماجی کارکن ڈاکٹر جعفر حسن مبارک نے آرٹسٹوں کے ہمراہ کلچرل کارنرزکا افتتاح کیا اور تیارکردہ مصنوعات دیکھیں۔ڈائریکٹر آرٹس کونسل محمد اویس عابد،اسسٹنٹ ڈائریکٹراسد حیات اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔کارنرز میں عشرت بی بی کا گوٹا کناری کا کام، لبنہ کا آرٹ ورک،رمشاء کا ہاتھ سے تیار کردہ جیولری کا کام، ام کلثوم کا ہاتھ سے تیارکیا ہوا کینڈل ورک،محمد اشرف کا لکڑی کا کام،مینار پاکستان کا ماڈل اور دیگر اشیاء رکھی گئیں۔ڈاکٹر جعفر حسن مبارک نے کلچرل کارنر کے قیام کو سراہا اور کہا کہ آرٹس کونسل کے اس اقدام سے آرٹسٹوں کے کام کی پروجیکشن کے ساتھ انہیں روزگار کمانے میں بھی مددملے گی۔انہوں نے بطور ممبر بورڈ آف مینجمنٹ پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد کلچر کے فروغ کے لئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔