ٹرمپ ، نیتن یاہو گٹھ جوڑ دنیا کیلئے خطرہ :مولانا شبیر عثمانی

چناب نگر(نامہ نگار )ختم نبوت اسلامک سنٹر چناب نگر کے چیئرمین مولانا شبیر احمد عثمانی نے کہا ہے کہ ختم نبوت ہمارابنیادی اور اساسی عقیدہ ہے ،نبی پاکؐ کی تعلیمات ہمارے لئے تاقیامت مشعل راہ ہیں،عقیدہ اعمال کی بنیاد ہوتا ہے ۔۔۔
امریکی صدر ٹرمپ کی حماس و غزہ کے مکینوں کو کھلی دھمکیاں فرعونیت ا و رغنڈہ گردی ہے ،ٹرمپ اور نیتن یاہو گٹھ جوڑ پوری دنیا کیلئے خطرہ بن رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جا مع مسجد نور اسلام چناب نگر میں اجتماع سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے انصاف پسند و امن پسند تمام طبقات کو چاہیے کہ وہ مظلوم ومجبور فلسطینیوں کی آزادی و خود مختاری کیلئے اپنی آواز بلند کریں ،ارض فلسطین سے فلسطینیوں کو جلا وطن کرنا بنیادی انسانی حقوق ، آزادی و خود مختاری اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے بھی منافی ہے ،مسلم دنیا اگر مزید خاموش تماشائی بنی رہی تو اسے بھاری قیمت چکانا ہوگی ۔مولانا شبیر احمد عثمانی نے مزید کہا کہ پاکستانی قیادت کا فرض ہے کہ وہ عالم اسلام کو متحد کرے اور فلسطینیوں کے تحفظ و دفاع کیلئے سد سکندری بن جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحفظ ناموس رسالت اور تحفظ ختم نبوت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، دنیا بھر کے تمام اسلامی ممالک ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر کام کریں تو کامیابی ان کا مقدر ہو گی ۔