اٹھارہ ہزاری :ٹریکٹر ٹرالی اور بس میں تصادم ، 6 افراد زخمی

جھنگ،اٹھارہ ہزاری (ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نمائندہ دنیا )اٹھارہ ہزاری میں شوگر مل کے قریب ٹریکٹر ٹرالی اور بس کے درمیان تصادم میں 6 افراد زخمی ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اٹھارہ ہزاری کے نواحی علاقہ میں لیہ روڈ پر مقامی شوگرملزکے قریب ٹریکٹر ٹرالی کے ڈرائیور نے بغیر انڈیکیٹر کے موڑ کاٹ دیا اور عقب سے آنیوالی مسافر بس ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرانے کے بعد سڑک کنارے واقع دکان میں جا گھسی، حادثہ کے نتیجہ میں 2خواتین سمیت 6مسافرزخمی ہوگئے ،زخمیوں میں سے 45 سالہ نصرت بی بی اور 25 سالہ صوفیہ بی بی کوسول ہسپتال اٹھارہ ہزاری منتقل کر دیا گیا جبکہ خادم حسین، ناصر، لال حسین اور زاہد اقبال کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دے کر فارغ کر دیا گیا، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔