پولیس غیر سنجیدہ،پتنگوں،کیمیکل ڈور کا دھندہ جاری

فیصل آباد(عبدالباسط سے )سخت پابندی کے باوجود بھی موت کا کاروبار کرنے والے ملزم پولیس کی گرفت میں نہ آسکے ۔
شہر کے مختلف علاقوں میں با اثر ملز موں کی جانب سے پتنگیں اور کیمیکل ڈور سمیت دیگر پتنگ بازی کا سامان تیار کرنے اور مختلف علاقوں میں سپلائی کرنے کا غیر قانونی دھندہ جاری رکھا گیا ہے ۔ خفیہ اداروں کی جانب سے پتنگ سازی ، خرید و فروخت اور پتنگ بازی کرنے والے عناصر کی فہرستیں تیار کرکے پولیس کو ارسال کرنے کے باوجود بھی پولیس کی جانب سے کی جانے والی کار روائیاں مبینہ طورپر نہ ہونے کے برابر د کھائی دیتی ہیں۔ پتنگ بازی کا دوبارہ سے سر اٹھا تاہوا موت کا کھیل قابو کرنے اور پتنگ بازوں کے خلاف کارر وائیاں کرنے میں مبینہ طورپر پولیس غیر سنجیدہ د کھائی دیتی ہے ۔ گزشہ سال ماہ مارچ میں تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقے ڈجکوٹ روڈ پر سمن آباد کا رہائشی آصف نامی موٹرسائیکل سوار نوجوان گلے میں ڈور پھرنے سے جاں بحق ہوگیا۔
جس پر آئی جی پنجاب، وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے سخت نوٹس لیاگیا فیصل آباد کے علاقوں منصور آباد، غلام محمد آباد، مانانوالہ، مدینہ ٹائون ، ڈی ٹائپ کالونی، پیپلزکالونی، فیکٹری ایریا، صدر، سمن آباد، بٹالہ کالونی اور دیگر علاقوں میں دوبارہ سے پتنگ بازی کرنے والے عناصر موت کے کھیل میں مصروف دکھائی دینے لگے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہریوں کی زندگیاں بھی دائو پر لگی دکھائی دیتی ہیں۔ ذرائع سے اس بات کا انکشاف بھی ہوا کہ پتنگ سازی اور اسکی خریدوفروخت میں ملوث عناصر کی جانب سے مختلف طریقوں سے مبینہ طورپر متعلقہ پولیس ملازمین و افسروں کے مطالبات پورے کردئیے جاتے ہیں اور اپنے غیر قانونی اور موت کے کاروباری کو مزید وسعت دے دی جاتی ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے موت کے کھیل کو جڑ سے ختم کرنے کے کیلئے حقیقی معنوں میں اقدامات کئے جائیں۔ تاہم سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کے مطابق پتنگ بازی کرنے اور اسکے سامان کی خریدوفروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارر وائیاں کی جارہی ہیں۔