ونٹر پیکیج،3ماہ کے دوران فیسکوکے5لاکھ سے زائد صارفین کو کروڑوں کی سبسڈی دی گئی

ونٹر پیکیج،3ماہ کے دوران فیسکوکے5لاکھ سے زائد صارفین کو کروڑوں کی سبسڈی دی گئی

فیصل آباد(بلال احمد سے )وزیراعظم ونٹر پیکیج سے فیصل آباد میں بجلی صارفین نے کروڑوں روپے کا فائدہ اٹھا لیا۔ 3 ماہ کے دوران فیسکو کے 5 لاکھ سے زائد صارفین کو گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافی بجلی کے استعمال پر بھاری سبسڈی فراہم کردی گئی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے نومبر 2024 میں بجلی کے صارفین کے لیے سردیوں کے تین ماہ دسمبر تا فروری کے دوران استعمال کی گئی بجلی پر بڑے ریلیف کا اعلان کیا گیا۔ جس کے تحت سال 2023 تا 24 کے مقابلے میں 24 تا 25 کے مذکورہ مہینوں میں استعمال ہونے والی اضافی بجلی کا فی یونٹ ریٹ 26 اعشاریہ 7 روپے فکس کردیا گیا۔ ترجمان فیسکوا نجینئر محمد سعید رضا کے مطابق فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 3 ماہ میں 5 لاکھ 56 ہزار 551 صارفین کو مجموعی طور پر 94 کروڑ 43 لاکھ روپے کا ریلیف فراہم کیا ہے ۔ جس میں 1 لاکھ 74 ہزار گھریلو صارفین کو 18 کروڑ 88 لاکھ روپے ، جبکہ 2 لاکھ 95 ہزار کمرشل صارفین کو 10 کروڑ 46 لاکھ روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا۔ سب سے زیادہ ریلیف 36 ہزار 23 انڈسٹریل صارفین کو 60 کروڑ 93 لاکھ روپے دیا گیا۔ تاہم اس حوالے سے صنعتکاروں میں ملا جلا رجحان پایا جا رہا ہے ۔ پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے پیٹرن انچیف خرم مختار کا کہنا ہے حکومت کی پالیسی میں تسلسل کا فقدان ہے ۔ انڈسٹری کو ملنے والا ریلیف آٹے میں نمک برابر ہے بنیادی ٹیرف میں مستقل ریلیف فراہم کیا جائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں