چلڈرن ہسپتال:مالی بحران،سینٹری عملہ تنخوا ہوں سے محروم

چلڈرن ہسپتال:مالی بحران،سینٹری عملہ تنخوا ہوں سے محروم

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر )مالی بحران کے شکار شہر کے سب سے بڑے چلڈرن ہسپتال میں صفائی ستھرائی کا نظام چوپٹ ہوگیا۔ چار ماہ سے تنخواہوں سے محروم سینٹری عملہ نوکریاں چھوڑ کر جانے لگا۔ سیکرٹری صحت کا دورہ اور کمشنر کے دعوے بھی کسی کام نہ آسکے ۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

چلڈرن ہسپتال فیصل آباد کا خزانہ خالی ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق اکتوبر کے بعد تاحال 4 ماہ سے صفائی پر مامور ٹھیکیدار کمپنی کو کسی بل کی ادائیگی ہی نہیں کی جا سکی۔ اب تک تقریبا 40 ملازمین واجبات کی عدم ادائیگی پر نوکری چھوڑ چکے ہیں جبکہ باقی رہ جانے والے 50 سے 60 ملازمین بھی جیسے تیسے کرکے کام چلانے میں مصروف ہیں۔ جنہیں کمپنی اور ہسپتال انتظامیہ محظ طفل تسلیاں دے رہی ہے ۔ دوسری جانب بل کلیئر نہ ہونے کے باعث صفائی عملے کے پاس موجود سامان کی صورتحال بھی انتہائی ابتر ہوچکی ہے ۔ وائپر اورموپ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں تو صفائی کے لیے کپڑا نہ ہونے پر ہسپتال کی پرانی بیڈ شیٹس ہی استعمال میں لائی جا رہی ہیں۔ واش رومز میں ایک صابن کو تین ٹکڑوں میں تقسیم کرکے رکھا جاتا ہے ۔ سینٹری ورکرز کا کہنا ہے کہ ہر ہفتے ایک نیا وعدہ کرکے انہیں ٹرخا دیا جاتا ہے ۔ لوگوں سے ادھار لے لے کر معمولات زندگی چلانے کی کوشش کررہے ہیں۔

معاشی بدحالی کے باعث گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں۔ عید سر پر آگئی ہے تاہم تنخواہوں کے حوالے سے کوئی حتمی بات سامنے نہیں آرہی۔ ذرائع کے مطابق عملے اور سامان کی کمی کے باعث ہسپتال میں ناقص صفائی ستھرائی نے مریضوں کو بھی جراثیم زدہ ماحول کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے ۔ جس پر شہری بھی نالاں ہیں جن کا کہنا ہے کہ حکومتی دعووں کے برعکس چلڈرن ہسپتال کی صورتحال آئے دن ابتر ہوتی جا رہی ہے ۔ جس میں بہتری کا کوئی امکان نظر نہیں آ رہا۔ انہوں نے محکمہ صحت سے اپیل کی ہے کہ علاجگاہ کے مالی اور انتظامی معاملات میں بہتری لائی جائے ۔ ایم ایس ہسپتال ڈاکٹر احمد عمیر ورک کا کہنا ہے کہ معاشی مشکلات کے باوجود عید سے قبل سینٹری ورکرز کی چار میں سے دو تنخواہیں ادا کرنے کی کوشش کریں گے ۔ یاد رہے کہ جنوری سے اب تک سیکرٹری صحت عظمت محمود اور بعد ازاں ڈویژنل کمشنر مریم خان کی جانب سے بھی ہسپتال کے دورے کرکے معاملات میں بہتری کا یقین دلایا گیا تھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں