ٹوبہ:ہسپتالوں کی نجکاری کیخلاف ملازمین کی احتجاجی ریلی، مظاہرہ
ٹوبہ ٹیک سنگھ(نامہ نگار )رورل ہیلتھ سنٹرز اور بنیادی مراکز صحت کی نجکاری کے خلاف پنجاب رورل ہیلتھ ایمپلائز ایسوسی ایشن،گرینڈ ہیلتھ الائنس اور آل ہیلتھ ایمپلائز ٹوبہ ٹیک سنگھ کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمپلیکس جھنگ روڈ سے ڈسٹرکٹ پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور ڈسٹرکٹ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔۔۔
جس میں مرد و خواتین ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مظاہرین نے حکومت پنجاب کی طرف سے رورل ہیلتھ سنٹرز اور بنیادی مراکز صحت کی نجکاری کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نجکاری کے عمل کو فوری ختم کیا جائے ،نجکاری کا یہ عمل غریب ملازمین کے معاشی قتل کے مترادف ہے ،رورل ہیلتھ سنٹرز اور بنیادی مراکز صحت کی نجکاری سے صوبہ پنجاب میں 15سے 20ہزار ملازمین بے روزگار ہوجائیں گے ،انہوں نے کہا کہ ہم سالہا سال سے دیہی علاقوں میں صحت کی خدمات انجام دے رہے ہیں،حکومت کی طرف سے نجکاری کا یہ عمل قومی خزانے کو فائدہ نہیں بلکہ نقصان پہنچائے گا، اگر حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے تو ہم پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج کریں گے ۔