حکومت ، اپوزیشن ملک کیلئے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرے :مذہبی رہنماء

حکومت ، اپوزیشن ملک کیلئے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرے :مذہبی رہنماء

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب کے امیر مولانا عبد الرشید حجازی ناظم اعلیٰ حافظ محمد یونس آزاد خالد محمود اعظم آبادی نے نوشکی میں فورسز کے قافلے پر خود کش حملہ سمیت دہشتگردی کی حالیہ لہر پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ۔

کہ ہمسایہ ممالک کی آشیر باد سے دشمنوں نے پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے بلوچستان میں آگ اور خون کا بازار گرم کر رکھا ہے ، آئے روز بم دھماکوں اور خود کش حملوں سے پوری قوم پریشان ہے ،حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے پر الزام تراشیوں کی بجائے ملک کے وسیع تر مفاد اور استحکام و ترقی کے لئے مل بیٹھ کر مشترکہ لائحہ عمل تیار کرے ۔ اپنے مشترکہ بیان میں مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ دہشتگردی میں ملوث عناصر ملک دشمنوں کے آلہ کار ہیں، ان عناصر کا دین اور نہ ہی پاکستان سے کوئی تعلق ہے ، ملکی سالمیت اور استحکام سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔ آخر کب تک قوم پاک فوج کے جوانوں اور سویلین کی لاشوں کو کندھوں پر اٹھاتی رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر قومی اداروں خصوصاً پاک فوج کے کی تضحیک کرنے والے بیرونی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں ان کا محاسبہ وقت کی ضرورت اور قوم کی آواز ہے ، بیرونی دشمنوں کے ساتھ ساتھ اندرونی دشمنوں کے مکمل خاتمے تک فتنہ الخوارج آپریشن جاری رہنا چاہیے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں