جی سی یو فیصل آباد میں یوم قرارداد پاکستان کی مناسبت سے سیمینار

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے کہا ہے کہ دنیا تیزی سے ترقی کر رہی ہے ۔۔
اگر پاکستان کو آگے بڑھنا ہے تو ہمیں جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور عالمی علم کو اپنانا ہوگا، نوجوان نسل کو خود کو ایسے چیلنجز کے لیے تیار کرنا ہوگا جو انہیں نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر کامیاب بنا سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جی سی یو فیصل آباد کے شعبہ مطالعہ پاکستان کے زیر اہتمام یوم قرارداد پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ ایک روزہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر امین اور چیئرمین مطالعہ پاکستان ڈاکٹر عبدالقادر مشتاق نے بھی کلیدی کردار ادا کیا۔وائس چانسلر سی جی سی نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو تنقیدی سوچ، تحقیق، اور اختراعات کی طرف راغب کرنا ہوگا۔ ظفر اللہ خان نے خطاب میں کہا کہ قرار داد لاہور ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کی بنیاد تصور کی جاتی ہے ،ہمیں ایک ایسا تعلیمی اور سماجی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہوگا جہاں تمام شعبے یکجا ہو کر پاکستان کی ترقی کے لیے کام کریں۔ ڈاکٹر عبدالقادر مشتاق نے کہا کہ سیمینار کا بنیادی مقصد قرارداد لاہور کے پس منظر کو تفصیل سے سمجھنا اور اس کے اثرات پر روشنی ڈالنا ہے ، عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کو جدید معاشی اور سائنسی رجحانات اپنانا ہوں گے ۔